ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / راجیہ سبھا میں سونیا گاندھی کا مطالبہ: ذات پر مبنی مردم شماری جلد کرائی جائے

راجیہ سبھا میں سونیا گاندھی کا مطالبہ: ذات پر مبنی مردم شماری جلد کرائی جائے

Mon, 10 Feb 2025 16:59:26    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 10/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)کانگریس کی سینئر لیڈر اور پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے پیر کے روز راجیہ سبھا میں زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو جلد از جلد ذات پر مبنی مردم شماری کرانی چاہیے۔ انھوں نے دلیل دی کہ اس سے تمام مستحق افراد کو فوڈ سیکورٹی قانون کے تحت ان کا حق مل سکے گا۔ وقفۂ صفر کے دوران اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ فوڈ سیکورٹی کوئی خصوصی رعایت نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے ذریعہ پیش کردہ قومی فوڈ سیکورٹی قانون ایک تاریخی پیش قدمی تھی، جس کا مقصد 140 کروڑ آبادی کے لیے فوڈ اور تغذیہ سیکورٹی یقینی بنانا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس قانون نے لاکھوں کمزور کنبوں کو بھکمری سے بچانے میں اہم کردار نبھایا۔ خاص طور سے کووڈ-19 وبا کے بحران کے دوران اور ساتھ ہی اسی ایکٹ نے ’پردھان منتری غریب کلیان اَنّ یوجنا‘ کو بنیاد فراہم کیا۔

سونیا گاندھی کا کہنا ہے کہ فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے تحت 75 فیصد دیہی عوام کے ساتھ ہی 50 فیصد شہری آبادی سبسیڈی والے اجناس حاصل کرنے کی حقدار ہے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ حالانکہ استفادہ کنندگان کے لیے کوٹہ اب بھی 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر مقرر کیا جاتا ہے، جو اب ایک دہائی سے زیادہ پرانی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’آزاد ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مردم شماری میں 4 سال سے زیادہ تاخیر ہوئی ہے۔ بنیادی طور سے یہ 2021 کے لیے مقرر تھی لیکن اب بھی اس بات پر کوئی وضاحت نہیں ہے کہ مردم شماری کب ہوگی۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بجٹ الاٹمنٹ سے پتہ چلتا ہے کہ مردم شماری اس سال بھی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

مردم شماری میں ہو رہی تاخیر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’تقریباً 14 کروڑ اہل ہندوستانیوں کو فوڈ سیکورٹی قانون کے تحت فوائد سے محروم کیا جا رہا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ حکومت جلد از جلد مردم شماری پورا کرنے کو ترجیح دے اور یہ یقینی بنائے کہ سبھی اہل اشخاص کو فوڈ سیکورٹی قانون کے تحت گارنٹی شدہ فائدہ حاصل ہو۔‘‘ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ فوڈ سیکورٹی کوئی خصوصی حق نہیں ہے، بلکہ یہ ایک بنیادی حق ہے۔


Share: