ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی، مختلف ریاستوں میں بارش اور طوفان کا الرٹ

پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی، مختلف ریاستوں میں بارش اور طوفان کا الرٹ

Sat, 04 Jan 2025 12:50:07    S.O. News Service

نئی دہلی ، 4/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)محکمہ موسمیات نے اس ہفتے کے اختتام پر جموں و کشمیر میں شدید برفباری کی پیش گوئی کی ہے، جس کا اثر ہفتہ اور اتوار کو زیادہ شدت سے محسوس ہو سکتا ہے۔ ہفتہ کی رات سے پیر کی صبح تک بڑی مقدار میں برفباری کا امکان ہے۔ یہ موسم مغربی ہمالیائی علاقے میں فعال ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے متوقع ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق ایران کے مشرقی حصوں میں سائیکلونک سرکولیشن کے طور پر ایک ویسٹرن ڈسٹربینس فعال ہے۔ اس کے اثر سے مغربی ہمالیائی علاقہ اور شمال مغربی ہند کے میدانی علاقوں میں بادل برسیں گے۔ پنجاب، ہماچل اور اتراکھنڈ میں 6-5 جنوری کو بجلی کی گرج کے ساتھ ہلکی سے درمانی بارش ہو سکتی ہے۔ جموں کشمیر اور لداخ میں 5-4 جنوری کو شدید بارش اور برفباری ہونے کے آثار ہیں۔ ان ریاستوں میں طوفانی ہوائیں بھی چلیں گی۔ سائنسداں نریش کمار نے کہا ہے کہ اگلے 4 سے 5 دنوں میں مغربی ہمالیائی علاقے میں ہلکی سے درمیانی برفباری ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نزدیکی میدانی علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔

موسم بلیٹن کے مطابق 4 سے 6 جنوری تک جموں و کشمیر، لداخ، گلگت، بلتستان اور مظفر آباد میں وسیع طور پر ہلکی سے درمیانی برفباری اور بارش کا اندازہ ہے۔ ہماچل پردیش میں 5 اور 6 جنوری کو ہلکی سے درمیانی برفباری اور بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں 4 اور 5 جنوری کو شدید برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نئی دہلی میں علاقائی موسم سائنس مرکز نے ہفتہ کو زیادہ تر علاقوں میں ہلکے کہرے اور دھند کی پیش گوئی کی ہے۔ کچھ مقامات پر شدید کہرا بھی رہے گا۔ دن کے دوران جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ شام اور رات میں ہلکا کہرا یا دھند ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔


Share: