ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاراشٹر انتخابات میں 160 سیٹوں کی جیت کی پیشکش: شرد پوار کا انکشاف

مہاراشٹر انتخابات میں 160 سیٹوں کی جیت کی پیشکش: شرد پوار کا انکشاف

Sat, 09 Aug 2025 17:54:52    S O News

ناگپور، 9 /اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ سال مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے قبل دو افراد نے انہیں 288 میں سے 160 نشستوں پر جیت کی "گارنٹی" دینے کی پیشکش کی تھی۔ پوار کے مطابق یہ سن کر وہ حیران رہ گئے اور انہوں نے اس معاملے کو فوراً نظرانداز کر دیا۔

پوار نے بتایا، "اس وقت مجھے الیکشن کمیشن پر کوئی شک نہیں تھا۔ میں نے ان دونوں افراد کی ملاقات راہل گاندھی سے کروائی۔ انہوں نے اپنی بات راہل کو بھی بتائی، لیکن ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم عوام کے درمیان جا کر ہی مینڈیٹ حاصل کریں گے۔" یہ بات انہوں نے ریاستی صدر ششیکانت شندے، سابق وزرائے داخلہ انیل دیشمکھ اور جتیندر آوہد، جنرل سیکریٹری روہت پوار سمیت دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

انہوں نے راہل گاندھی کے انتخابات میں دھاندلی اور ووٹ چوری کے الزامات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور جواب الیکشن کمیشن کو دینا چاہیے، نہ کہ بی جے پی کو۔

این سی پی رہنما جتیندر آوہد نے بھی اس پیشکش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو افراد نے واقعی پوار کو 160 نشستوں پر ووٹوں کی ہیرا پھیری کی پیشکش کی تھی، لیکن پارٹی سربراہ نے اسے فوراً مسترد کر دیا۔


Share: