ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / شمالی ہند میں سردی اور کہرے کا سلسلہ جاری، دہلی میں سرد موسم کے پیش نظر یلو الرٹ

شمالی ہند میں سردی اور کہرے کا سلسلہ جاری، دہلی میں سرد موسم کے پیش نظر یلو الرٹ

Wed, 08 Jan 2025 12:24:55    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 8/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)شمالی ہند میں شدید ٹھنڈ اور کہرے کی وجہ سے منگل کو بھی کئی ریاستوں میں عام زندگی متاثر رہی۔ سب سے زیادہ اثر ٹرین اور ہوائی سفر پر پڑا، جہاں دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے پر حد نگاہ کم ہونے کے باعث تقریباً 400 پروازیں معطل ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، دہلی میں بدھ کی صبح بھی زیادہ تر علاقوں میں دھند اور درمیانی سطح کا کہرا رہنے کا امکان ہے، اور بعض مقامات پر گھنا کہرا بھی ہو سکتا ہے۔ شام اور رات کے دوران بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کئی مقامات پر کولڈ ڈے والے حالات بھی بنے رہ سکتے ہیں جس کے سبب محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 16 اور 8 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

برفیلی ہواؤں کی وجہ سے راجدھانی میں ٹھٹھرن بھری ٹھنڈ کا سلسلہ برقرار ہے۔ حالانکہ شدید کہرا دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔ حد نگاہ میں بھی پہلے کے مقابلے میں تھوڑی بہتری آئی ہے۔ منگل کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 2.8 ڈگری اور کم سے کم 16.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 3.6 ڈگری، زیادہ سے زیادہ 10.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ ہوا میں نمی کی سطح 97 سے 76 فیصد رہی۔ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور صفدر جنگ دونوں ہی جگہ حد نگاہ کی سطح بہتر دیکھنے کو ملی۔

تیز ہوا کے اثر سے منگل کو دہلی کے ہوا کے معیار میں بہتری آئی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دہلی کا اے کیو آئی 296 یعنی 'خراب' زمرے میں رہا۔ ایک دن پہلے سوموار کو یہ 335 رہا تھا۔ 24 گھنٹے کے اندر اس میں 39 پوائنٹس کی گراوٹ آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی اگلے دو دنوں تک اے کیو آئی اسی زمرے میں رہے گا۔ اس کے بعد پھر سے 'انتہائی خراب' زمرے میں پہنچ جائے گا۔ این سی آر کے شہروں کے ہوا کے معیار میں بھی اس وقت کچھ کمی درج کی گئی ہے۔


Share: