ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو کے قریب سُلیبیلے میں دو کاروں کے ساتھ کینٹر اور بائیک کے تصادم میں 7 ہلاک

بنگلورو کے قریب سُلیبیلے میں دو کاروں کے ساتھ کینٹر اور بائیک کے تصادم میں 7 ہلاک

Sat, 14 Feb 2026 08:21:40    S O News
بنگلورو کے قریب سُلیبیلے میں دو کاروں کے ساتھ کینٹر اور بائیک کے تصادم میں 7 ہلاک

بنگلورو 13/فروری : بینگلورو سے تقریباً 35 کلومیٹر دور ہوسکوٹے کے قریب سُلیبیلے علاقے میں جمعہ کی علی الصبح پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے میں سات افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثہ دو کاروں، ایک کینٹر اور ایک بائک کے درمیان زبردست ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ ہوسکوٹے–دوبسپٹ ہائی وے پر ایم ستیوارا گاؤں کے قریب پیش آیا۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کی پیٹرولنگ ٹیم نے حادثہ دیکھ کر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ایکس یو وی کار نے، جو ہوسکوٹے سے دیوناہلی کی طرف جارہی تھی، پہلے آگے چل رہی بائک کو پیچھے سے ٹکر ماری اور پھر سامنے موجود کینٹر کے پچھلے حصے سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکوٹر سوار سڑک کنارے لگے کرش بیریئر سے جا ٹکرایا اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

پولیس نے متوفی اسکوٹر سوار کی شناخت 26 سالہ گگن کے طور پر کی ہے، جو ایک نجی کمپنی میں ملازم تھا۔ کار میں سوار دیگر چھ افراد بھی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ان میں اشون نائر (17)، ارہان شریف (18)، آیان علی (16)، بھارت (17) اور ایتھن جارج (17) شامل ہیں، جو اسکول اور پری یونیورسٹی کالج کے طلبہ تھے۔ ایک متوفی کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

تحقیقاتی افسران کے مطابق کار تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی، جس کے باعث تمام سواروں کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ تصادم کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ٹکر کے بعد کینٹر کے پچھلے دو پہیے الگ ہو گئے اور گاڑی الٹ گئی، جبکہ ایکس یو وی تقریباً 100 میٹر تک گھسٹنے کے بعد بیریئر سے جا ٹکرائی۔ پیچھے آرہی ایک اور ایس یو وی بھی حادثے کا شکار ہوئی، تاہم اس میں سوار افراد محفوظ رہے۔

کینٹر ڈرائیور بالاسبرامنی کو معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ حادثے کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے تھے اور بعد میں موقع پر پہنچنے والے افراد نے انہیں ہوش میں لایا۔

بنگلورو رورل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندرکانت ایم وی نے بتایا کہ کار متوفیوں میں سے ایک کے والد کی ملکیت تھی۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی جانچ کے بعد یہ معلوم کیا جائے گا کہ آیا گاڑی کوئی نابالغ چلا رہا تھا، اور اگر ایسا ثابت ہوا تو والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پولیس تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ مرنے والوں میں سے کسی نے بھی گھر سے نکلنے سے قبل اپنے والدین کو اطلاع نہیں دی تھی۔

متوفی گگن بنگلورو کے شمالی مضافات میں ہووینایکناہلی میں اپنی نابینا والدہ کے ساتھ رہتا تھا اور خاندان کا واحد کفیل تھا۔ وہ ہوسکوٹے کے قریب پِلّاگومپے میں واقع ایک نجی کمپنی میں نائٹ شفٹ مکمل کرنے کے بعد گھر واپس لوٹ رہا تھا۔

حادثے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایس پی چندرکانت نے ہوسکوٹے کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو تفتیشی افسر مقرر کیا ہے۔

مقامی دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ اس شاہراہ کے مذکورہ حصے پر اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں اور تقریباً ہر ماہ کم از کم ایک شخص کی جان جاتی ہے۔ ان کے مطابق ہائی وے میں تکنیکی خامی موجود ہے۔ اس تعلق سے حکام نے بتایا کہ  پولیس، این ایچ اے آئی، محکمہ تعمیرات عامہ اور آر ٹی او کی مشترکہ ٹیم 14 فروری کو مقامِ حادثہ کا معائنہ کرے گی۔


Share: