بھٹکل 5 / جون (ایس او نیوز) کرناٹکا کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے اعلان کیا ہے کہ عوام اور غیر رہائشی ہندوستانیوں [این آر آئز] کے مسائل اور شکایات سے نمٹنے کے لئے علاحدہ سیکریٹریٹ قائم کیے جائیں گے ۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بینگلورو آنے والے عام لوگوں کی شکایات اور مطالبات سننے کے لئے مخصوص وزیر کو ذمہ داری دی جائے گی ۔ جبکہ این آر آئی سیکریٹریٹ کے ذریعے بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانی شہریوں کے ساتھ رابطے میں رہے گا اور کرناٹکا میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی سمت میں کام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قانون سازی کی کارروائیاں مکمل کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے ۔
سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد بینگلور میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے شیو کمار نے عوام اور بالخصوص بینگلورو اور ریاست کے دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کرنے والوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ایک بالکل علاحدہ سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ روزانہ سیکڑوں لوگ اپنے مسائل اور مطالبات کے ساتھ حکومت کے ساستھ آتے ہیں ۔ ان لوگوں کے مسائل اور شکایات کو سننا چاہیے ۔ ان کی شکایات کے پیچھے موجود حقائق کی تصدیق کرکے فوری طور پر انہیں اس کا جواب دیا جانا چاہیے ۔ احتجاج کرنے والے گروپوں کے نمائندوں سے بات چیت کرنے اور بروقت حل فراہم کرنے کے لئے ایک خصوصی سیکریٹریٹ کی ضرورت ہے ۔
غیر رہائشی ہندوستانیوں کے لئے خصوصی سیکریٹریٹ کے بارے میں وزیر اعلیٰ شیو کمار نے بتایا " میں نے افسران کو بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانیوں سے رابطہ کی راہ ہموار کرنے اور کرناٹکا میں غیر رہائشی ہندوستا نیوں کی سرمایہ کاری کی ہمت افزائی کرنے کے مقصد سے خصوصی سیکریٹریٹ قائم کرنے کے لئے قانونی سازی کی ہدایت دی ہے ۔ مجوزہ پلیٹ فارم بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانیوں کو حمایت فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں معاون ہوگا ۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کارپوریٹ سوشیل ریسپانسبلٹی [سی ایس آر] کے ضمن 8,000 کروڑ روپے کے فنڈز دستیاب ہیں ۔ لیکن اس بارے میں کوئی تفصیل معلوم نہیں ہے کہ کونسا ادارہ کس مقصد کے لئے اس فنڈ کا استعمال کر رہا ہے ۔ لہٰذا کرناٹکا میں موجود کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ سی ایس آر فنڈز کے استعمال کے بارے میں حکومت کو معلومات فراہم کریں ۔
شیوکمار نے بتایا کہ انہوں نے اپنے طور پر سی ایس آر فنڈنگ کے ذریعے پہلے ہی سے تین گرام پنچایتوں کے لئے ایک اسکول کے طور پر کرناٹکا پبلک اسکولس کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ "حکومت پرائمری تعلیم کو بڑی اہمیت دے رہی ہے اور ہم اس تعلق سے کمپنیوں سے مراسلت کرتے ہوئے اس زمرے میں سی ایس آر فنڈز استعمال کرنے کی درخواست کریں گے ۔ آنے والے پانچ چھ دنوں کے اندر اس ضمن تمام تفصیلات طے کی جائیں گی اور اس کے ڈھانچے کا اعلان کیا جائے گا ۔ پرائمری تعلیم کی ضروریات پورا کرنے کے بعد اس فنڈ کو صحت کے شعبے کی طرف موڑا جائے گا ۔"