ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بجرنگ دل، وی ایچ پی اور آر ایس ایس کا مقصد فسادات کرانا اور مساجد کو نشانہ بنانا ہے: سنجے راوت

بجرنگ دل، وی ایچ پی اور آر ایس ایس کا مقصد فسادات کرانا اور مساجد کو نشانہ بنانا ہے: سنجے راوت

Mon, 17 Mar 2025 10:45:03    S O News

ممبئی، 17/ مارچ (ایس او نیوز/ ایجنسی)شیو سینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت نے ونود بنسل کے متنازعہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک تیزی سے تقسیم کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات کا موازنہ 1947 سے پہلے کی صورتحال سے کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان کی تشکیل ہو رہی تھی، تب بھی کچھ عناصر نے اسی طرح کے ماحول کو جنم دیا تھا۔ سنجے راؤت نے پنڈت جواہر لال نہرو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت نہرو نے واضح طور پر کہا تھا کہ ہندوستان کو ’ہندو پاکستان‘ نہیں بننے دیا جائے گا۔

سنجے راؤت کا کہنا ہے کہ ’’ملک مذہبی جنونیوں کے ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے، خواہ وہ ہندو ہوں یا مسلمان، لیکن آج بدقسمتی سے یہ ملک انہیں طاقتوں کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے۔ بجرنگ دل، وشو ہندو پریشد اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا اپنے کارکنان پر کنٹرول ختم ہو گیا ہے۔ ان تنظیموں کا ایک ہی کام رہ گیا ہے، اور وہ ہے فسادات کرانا، مساجد پر حملے کرنا، ہندو نوجوانوں کو مشتعل کرنا۔‘‘

واضح ہو کہ وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے قومی ترجمان ونود بنسل نے اعلان کر رکھا ہے کہ آنے والے پیر (17 مارچ) کو شیواجی جینتی پر اورنگ زیب کی قبر کا خاتمہ ہوگا۔ ونود بنسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’17 مارچ کو چھترپتی شیواجی مہاراج کا یوم پیدائش ہے۔ انہوں نے ہندوی سوراجیہ (ہندو راشٹر) اور اس کی حفاظت کے لیے اپنی 3 نسلیں وقف کر دیں اور دہشت گرد مغلوں کو ناکوں چنے چبوا دیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے وقار کو بحال کیا جائے اور محکومیت کی علامتوں کے ساتھ ساتھ محکوم ذہنیت کو بھی شکست دی جائے۔‘‘

اورنگ زیب کی قبر کو منہدم کرنے کے حوالے سے بنسل نے کہا کہ ’’اورنگزیب کے بعد اب اس کی قبر کے خاتمے کا وقت بھی آ رہا ہے۔ وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے کارکنان اس روز (17 مارچ کو) پورے مہاراشٹر میں اورن گزیب کی قبر کو ہٹانے کے لیے احتجاج کریں گے۔ ساتھ ہی مقامی ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ حکومت کو ایک میمورنڈم پیش کر کے شیواجی مہاراج کی مقدس سرزمین سے اورنگ زیب کی قبر اور اورنگ زیبی ذہنیت کو مکمل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔‘‘ بنسل اورنگ زیب کے خلاف اپنی نفرت ظاہر کرتے ہوئے یہ بھی کہتے ہیں کہ مہاراشٹر کے سنبھاجی نگر میں اورنگ زیب کی قبر ہے اور اس نے مہاراج سنبھاجی کو بہت اذیت دینے کے بعد قتل کر دیا تھا۔ اس لیے ایسے شخص کی قبر نہیں ہونی چاہیے۔ بنسل کے مذکورہ بیان کو لے کر سیاسی گلیاروں میں کافی شور مچا ہوا ہے۔ اورنگ زیب کی قبر پر ریاستی حکومت نے سیکورٹی بھی سخت کر دی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ توجہ طلب بات یہ ہے کہ اورنگ زیب کی قبر اے ایس آئی کے ماتحت تحفظ والی یادگاروں میں شامل ہے۔


Share: