ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / یوپی: سنبھل میں مسجد کمیٹی کی زیر نگرانی دکانیں بلڈوز کی گئیں، انتظامیہ نے دیا 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

یوپی: سنبھل میں مسجد کمیٹی کی زیر نگرانی دکانیں بلڈوز کی گئیں، انتظامیہ نے دیا 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

Tue, 14 Jan 2025 16:30:52    S.O. News Service

سنبھل ، 14/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی )سنبھل جامع مسجد کے سروے کے بعد علاقے میں مسلسل کوئی نہ کوئی نیا واقعہ سامنے آ رہا ہے۔ تازہ معاملہ سنبھل کوتوالی علاقے کے مرکزی بازار کا ہے، جہاں مبینہ طور پر سرکاری زمین پر تعمیر شدہ تقریباً ایک درجن دکانوں کو ہٹانے کے لیے انتظامیہ نے 24 گھنٹے کی مہلت دی ہے۔ ایس ڈی ایم وندنا مشرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر دکانیں وقت مقررہ تک نہ ہٹائی گئیں تو بلڈوزر کارروائی کی جائے گی۔ ان دکانوں کا کرایہ مسجد کمیٹی وصول کرتی تھی، اور یہ کمیٹی کے ماتحت تھیں۔ اتوار (12 جنوری) کو ایس ڈی ایم نے سنبھل کوتوالی میں دکانداروں کے ساتھ میٹنگ کی اور تجاوزات ہٹانے کا الٹی میٹم جاری کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک قدیم کنواں ملنے کے بعد انتظامیہ نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

ایس ڈی ایم وندنا مشرا نے اس حوالے سے بتایا کہ جن دکانوں پر بلڈوزر چلانے کی بات کہی گئی ہے وہ سب سڑک کنارے آگے کر کے بنائی گئی تھیں۔ جس کی پیمائش کرائی گئی ہے۔ پیمائش کے بعد پتہ چلا ہے کہ یہ تمام دکانیں تجاوزات کی زد میں آ رہی ہیں۔ دوسری جانب اتوار کو صفائی کے ساتھ ساتھ کنویں کی مزید کھدائی جاری رہی۔ حالانکہ مسجد کے پاس بنے کنویں کی کھدائی پر عدالت نے روک لگا دی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ شہر میں حالیہ دنوں چلی تجاوزات ہٹاؤ مہم کے دوران میونسپل کونسل نے پرانی میونسپل کونسل کی عمارت سے متصل 3 دکانوں سمیت گووند ولبھ پنت اسکول سے متصل 11 دکانوں کو بھی منہدم کر دیا تھا۔ روزگار کے لیے بھٹک رہے دکانداروں سے اتوار کو ایگزیکٹیو افسر (ای او) کرشنا کمار سونکر نے اپنی رہائش گاہ پر واقع دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ای او نے دکانداروں کو بتایا کہ جن 14 لوگوں کی دکانیں ٹوٹی ہیں ان سب کو گووند ولبھ پنت اسکول میں دکانیں بنوا کر دی جائیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی دکانوں کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ سبھی دکاندار اس بات پر راضی ہو گئے۔ ای او سے جن دکانداروں نے ملاقات کی ان میں حاجی عمیل حسین، یامین حسین، شعیب، انور، سلیم، مدن موہن، وید پرکاش، سنتوش شرما، ساجد حسین، شریف، جنید، شکیل احمد، راشد وغیرہ شامل تھے۔
 


Share: