نئی دہلی ، 16/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے اتوار کو 5 ریاستوں کیرالہ، تمل ناڈو، مغربی بنگال، آسام اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد سیاسی پارٹیاں ووٹوں کی حمایت کرنے کے لیے سرگرم ہو گئی ہے۔ دریں اثنا راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے بھی الیکشن لڑنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا ہے اور اپنے اتحادیوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی ہیں۔
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے کارگزار صدر اور بہار میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے کیرالہ میں حکمراں اتحاد کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد اتوار کو تیجسوی یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی آئندہ کیرالہ اسمبلی انتخابات میں حکمراں اتحاد لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان آر جے ڈی کی قیادت والے عظیم اتحاد کے ممبران اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کے بعد کیا۔ غورطلب ہے کہ بہار میں راجیہ سبھا کی 5 سیٹوں کے لیے آج (16 مارچ) کو ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ایسے حالات میں ریاست کی پانچویں سیٹ کے لیے رسہ کشی دیکھی جا رہی ہے۔
اس سیٹ پر اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کو کنگ میکر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دونوں ہی پارٹیوں کی حمایت این ڈی اے یا عظیم اتحاد کو ملی تو اسی کی جیت یقینی ہوگی۔ ایسے میں اویسی اور بی ایس پی کے ممبران اسمبلی پر سبھی کی نظریں مرکوز ہیں۔
تیجسوی یادو کے مطابق ان کی پارٹی پہلے کیرالہ اسمبلی میں موجود رہی ہے۔ انہیں امید ہے کہ ریاست میں ایل ڈی ایف کی اقتدار برقرار رکھنے میں مدد کریں گے۔