ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کولکاتا آر جی کر میڈیکل کالج میں ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کیس کا فیصلہ آج، والدین کا تحقیقات میں لاپرواہی کا الزام

کولکاتا آر جی کر میڈیکل کالج میں ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کیس کا فیصلہ آج، والدین کا تحقیقات میں لاپرواہی کا الزام

Sat, 18 Jan 2025 11:33:33    S.O. News Service

کولکاتا ، 18/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) آر جی کر میڈیکل کالج میں خاتون ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے کیس میں آج فیصلہ سنایا جائے گا۔ یہ دردناک واقعہ گزشتہ سال 9 اگست کو پیش آیا تھا، جب ڈاکٹر کی لاش سیمینار ہال سے برآمد ہوئی تھی۔ اس سانحے نے پورے ملک میں غم اور غصہ کی لہر دوڑادی تھی۔ کولکاتا پولیس کے ایک والنٹئر، سنجے رائے کو اس کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، جسے 10 اگست کو حراست میں لیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے سنجے رائے کے لیے سزائے موت کی درخواست کی ہے۔

مقتولہ کے والدین نے عدالت کے فیصلے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحقیقات کو ناکافی اور یکطرفہ قرار دیا۔ مقتولہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ سنجے رائے جرم میں ملوث ہے اور اس کے خلاف فیصلہ متوقع ہے لیکن دیگر ملزمان جو آزاد گھوم رہے ہیں، ابھی تک گرفت میں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا، "میں نے ان افراد کو اسپتال میں گھومتے ہوئے دیکھا ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تحقیقات کو مکمل طور پر صحیح طریقے سے انجام نہیں دیا گیا۔"

مقتولہ کی والدہ نے مزید کہا کہ ثبوت یا تو گم ہو گئے یا جان بوجھ کر مٹائے گئے۔ ان کے مطابق، سابق پولیس کمشنر وِنیت گوئل نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تو وہاں موجود بھیڑ کی وجہ سے موقع واردات کسی مچھلی بازار جیسا منظر پیش کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ پر موجود تمام افراد کو سزا ملنی چاہیے۔

خاتون ڈاکٹر کے قتل کی وجوہات کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ وہ کسی خفیہ معلومات سے واقف ہو گئی تھی جس کی وجہ سے اسے راستے سے ہٹا دیا گیا۔ مقتولہ کے والدین نے اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کیا ہے اور کہا کہ انصاف کا حصول ابھی ایک طویل سفر ہے۔ ان کے مطابق ان کے دن اپنی بیٹی کی تصویر کے سامنے روتے ہوئے گزرتے ہیں، اور جب تک انصاف نہیں ملتا، وہ اپنی جدوجہد ترک نہیں کریں گے۔


Share: