بیدر، 2/ اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور ضلع بیدر کے انچارج وزیر ایشور بی کھنڈرے نے ضلع میں اسکولوں کی خستہ حالی، ناقص دوپہر کے کھانے کی فراہمی، کھاد کی قلت اور تعلیمی نتائج میں گراوٹ جیسے سنگین مسائل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کیں۔
وہ یہاں ریاستی سہ ماہی ترقیاتی پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ عوامی فلاحی منصوبوں اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اسکولوں اور کالجوں میں خستہ حال عمارات کی فوری مرمت اور جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی، اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے ماہر اساتذہ کی مدد سے طلبہ کو انگریزی، ریاضی، سائنس اور سماجی علوم کی خصوصی تیاری کرانے پر زور دیا۔ اس مقصد کے لیے کلسٹر سسٹم نافذ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
وزیر ایشور کھنڈرے نے ہدایت دی کہ ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے نتائج میں بہتری کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے، کیونکہ تعلیمی پسماندگی ضلع کی مجموعی ترقی میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔
انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ ضلع میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کا معائنہ ذاتی طور پر کیا جائے اور ان کی تکمیل میں شفافیت، معیار اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ خاص طور پر ان منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے جن کا سنگ بنیاد یا افتتاح وزیر اعلیٰ نے کیا ہے اور جن پر 2025 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے ڈی وائی ایس پی افسران کو نابالغ لڑکیوں پر ہونے والے جرائم کی تحقیقات میں تیزی لانے کی خصوصی ہدایت دی، اور واضح کیا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے سخت سزائیں ضروری ہیں۔
شہر کے حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے فوری نصب کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ سیکیورٹی نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔
ایشور کھنڈرے نے نوجوانوں کے روزگار سے متعلق کہا کہ صنعتی شعبے میں ہنر مندی کی تربیت دی جائے تاکہ نوجوان روزگار کے لیے تیار ہو سکیں۔ سرویس سیکٹر میں مواقع پیدا کرنے کے لیے خصوصی تربیتی مراکز قائم کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا گیا۔
میٹنگ کے اختتام پر وزیر نے ہدایت دی کہ ضلع ڈپٹی کمشنر اور ضلع پنچایت سی ای او کم از کم پانچ ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر معائنہ کریں تاکہ نگرانی کے عمل کو مضبوط کیا جا سکے۔
اس اجلاس میں بلدی انتظامیہ کے وزیر رحیم خان، ارکان اسمبلی شیلندر بلیڈالے، سدھلنگپا پاٹل، شرنو سلگر، ارکان کونسل ایم جی موولے، بھیم راؤ پاٹل، چندرشیکھر پاٹل، ماہی گیری کارپوریشن کی صدر مالا بی نرائن، بوڈا کے صدر بسوراج جابشیٹی، ڈی سی سی بینک کے صدر امر کھنڈرے، ضلع انچارج سیکرٹری رندیپ ڈی، منصوبہ بندی و عمل درآمد کمیٹی کے صدر امرت راؤ چمکوڑے، ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، سی ای او ڈاکٹر گریش بدولے، ایس پی پردیپ گنٹی اور دیگر افسران شریک رہے۔