ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سونے کی اسمگلنگ کیس: کنڑ اداکارہ رانیا راؤ ایک سال کیلئے احتیاطی حراست میں، ضمانت کا حق بھی معطل

سونے کی اسمگلنگ کیس: کنڑ اداکارہ رانیا راؤ ایک سال کیلئے احتیاطی حراست میں، ضمانت کا حق بھی معطل

Thu, 17 Jul 2025 12:31:27    S O News

بنگلورو، 17 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی):کنڑ افلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ رانیا راؤ کو سونے کی اسمگلنگ کیس میں ایک سال کے لیے احتیاطی حراست میں رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی مرکزی حکومت کی منظوری کے بعد ’تحفظِ زرمبادلہ اور انسدادِ اسمگلنگ ایکٹ‘ (COFEPOSA) کے تحت کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے مطابق رانیا راؤ کو آئندہ ایک سال تک ضمانت کی درخواست دینے کا بھی حق حاصل نہیں ہوگا۔

حکام کے مطابق یہ اقدام سزا نہیں بلکہ ایک انتظامی قدم ہے جس کا مقصد ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔ اگر عدالت میں جرم ثابت ہوا تو باقاعدہ سزا دی جائے گی، لیکن فی الحال انہیں مستقبل کی ممکنہ اسمگلنگ سے باز رکھنے کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

اداکارہ رانیا راؤ کو رواں سال 3 مارچ کو بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ دبئی سے ایمیریٹس کی پرواز کے ذریعے واپس لوٹیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آر آئی) نے ان کے قبضے سے 14.8 کلو گرام سونا برآمد کیا، جو زیادہ تر جسم پر زیورات کی شکل میں پہنا گیا تھا یا لباس میں چُھپایا گیا تھا۔

ڈی آر آئی کے مطابق، رانیا راؤ بین الاقوامی سفر میں کافی سرگرم رہتی تھیں، جس کی بنیاد پر ان پر نگرانی رکھی جا رہی تھی۔ گرفتاری کے بعد یہ انکشاف بھی ہوا کہ وہ اکثر ایئرپورٹ پر خود کو ایک سینئر آئی پی ایس افسر کی سوتیلی بیٹی ظاہر کر کے خصوصی رعایت حاصل کرنے کی کوشش کیا کرتی تھیں۔

بعد ازاں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بھی ان کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ’پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ‘ (PMLA) کے تحت 4 جولائی کو ان کی جائیدادیں ضبط کر لیں۔ ضبط کی گئی جائیدادوں میں بنگلورو کے وکٹوریا لے آؤٹ میں ایک بنگلہ، ارکاوتی لے آؤٹ میں ایک رہائشی پلاٹ، تمکور میں صنعتی زمین اور انکل تالُک میں زرعی اراضی شامل ہے۔ ان تمام جائیدادوں کی مجموعی مالیت 34.12 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

رانیا راؤ کے خلاف جاری یہ سخت کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ مرکزی و ریاستی ایجنسیاں سونے کی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کے خلاف کسی بھی رعایت کے بغیر مؤثر اقدامات کر رہی ہیں۔


Share: