ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / شمالی ہند شدید گرمی کی لپیٹ میں، راجستھان کے گنگا نگر میں درجہ حرارت 49.4 ڈگری، یوپی میں 17 اور پنجاب میں 2 افراد ہلاک

شمالی ہند شدید گرمی کی لپیٹ میں، راجستھان کے گنگا نگر میں درجہ حرارت 49.4 ڈگری، یوپی میں 17 اور پنجاب میں 2 افراد ہلاک

Sun, 15 Jun 2025 11:22:21    S O News

نئی دہلی / جے پور / شملہ، 15 جون (ایس او نیوزایجنسی): پورا شمالی ہندوستان اس وقت شدید گرمی اور لُو کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ دہلی، راجستھان، ہریانہ، اترپردیش اور بہار سمیت متعدد ریاستوں میں درجہ حرارت خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور سنیچر کو ملک بھر کے 22 مقامات پر درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس یا اس سے زائد درج کیا گیا، جبکہ راجستھان کے گنگا نگر میں اس موسم کا سب سے گرم دن ریکارڈ کیا گیا جہاں درجہ حرارت 49.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو معمول سے 8 ڈگری زیادہ ہے۔

گرمی اور اُمس کے باعث لوگ بیمار ہو رہے ہیں اور جان لیوا ہیٹ ویو کی وجہ سے اتر پردیش میں 17 اور پنجاب میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ راجستھان کے دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت خطرناک سطح پر پہنچ چکا ہے۔ چُرو میں 47.6، جیسلمیر میں 46.9، بیکانیر میں 46.4، جودھپور میں 46.3، فلودی اور باڑمیر میں 46.2، پلانی میں 45.4، لون کرنسر میں 45.2، پالی و فتح پور میں 45، چتوڑ گڑھ میں 44.9، سنگریا میں 44.6، جھنجھنو میں 44.5، ناگور میں 44.4 اور جے پور میں 44.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سنیچر اور اتوار سے ملک کے کئی علاقوں میں مانسون سے قبل کی موسمی سرگرمیاں شروع ہوں گی، جس سے عوام کو ممکنہ طور پر کچھ راحت مل سکتی ہے۔ راجستھان کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی کا امکان ہے۔ بہار میں مانسون کی آمد میں تاخیر سے لوگ پریشان ہیں۔ پہلے مانسون 13 تا 15 جون کے درمیان متوقع تھا، لیکن اب پیش گوئی ہے کہ یہ 16 جون کو دستک دے سکتا ہے۔

ہماچل پردیش میں لینڈ سلائیڈنگ، بعض علاقوں میں بارش سے جزوی راحت

ادھر، ہماچل پردیش کے چمبا-بھرمور شاہراہ پر سنوارا اور بھوتشنگی کے درمیان سنیچر کو لینڈ سلائیڈنگ اور چٹان گرنے کے باعث سڑک بند ہوگئی۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام راستہ بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ریاست کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہوئی، جس سے کچھ حد تک گرمی میں نرمی آئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دنوں میں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی وارننگ دی ہے۔ شملہ، پالم پور، کانگڑا، بھونتر، جوٹ اور سندر نگر میں گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلاسپور میں 65 کلومیٹر، سیو باغ اور باجوڑہ میں 57 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

چوار میں سب سے زیادہ 31.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پالم پور میں 29.8، رائے پور میدان میں 25.2، برتھن میں 24.6، منالی میں 18 اور کانگڑا میں 21.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ہماچل کے کچھ علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں

اگرچہ پہاڑی علاقوں میں نسبتاً کم درجہ حرارت ریکارڈ ہوا، تاہم اونا ریاست کا سب سے گرم مقام رہا جہاں درجہ حرارت 42.7 ڈگری تک پہنچا۔ کانگڑا میں 38، منڈی اور ہمیر پور میں 37.4، بھونتر میں 37.3 اور بلاسپور میں 39 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دھرم شالہ، ڈلہوزی، منالی اور شملہ میں درجہ حرارت بالترتیب 28.2، 29.2 اور 27.5 ڈگری رہا، جبکہ کیلونگ سب سے سرد مقام رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو اور شدید موسمی حالات کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں لینڈ سلائیڈنگ یا تیز ہواؤں کا خطرہ موجود ہے۔


Share: