ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / راجستھان میں دل دہلا دینے والا قتل، بیوی کی سازش اور معصوم بیٹے کی چشم دید گواہی سے پردہ فاش

راجستھان میں دل دہلا دینے والا قتل، بیوی کی سازش اور معصوم بیٹے کی چشم دید گواہی سے پردہ فاش

Thu, 19 Jun 2025 10:57:51    S O News
راجستھان میں دل دہلا دینے والا قتل، بیوی کی سازش اور معصوم بیٹے کی چشم دید گواہی سے پردہ فاش

 الور ، 19/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)راجستھان کے الور ضلع کے کھیڈلی علاقے میں ایک ہولناک قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے، جو اندور کے تاجر راجہ رگھوونشی کے قتل کی یاد دلاتا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق، ایک عورت نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر سازش رچاتے ہوئے شوہر کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ سب سے دل دہلا دینے والی بات یہ ہے کہ اس قتل کا چشم دید گواہ اس کا صرف 9 سالہ بیٹا تھا، جس نے اپنے والد کو اپنی آنکھوں کے سامنے قتل ہوتے دیکھا۔ جب بچے نے یہ واقعہ پولیس کو تفصیل سے سنایا، تو سننے والے بھی حیران رہ گئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیوی سمیت تین ملزمان—انیتا، کاشی رام اور برجیش جاٹو—کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ باقی تین ملزم—وشنو، نوین اور چیتن—تاحال فرار ہیں۔

معلومات کے مطابق یہ خوفناک واقعہ 7 جون 2025 کی رات کو ضلع کے کھیڈلی قصبے میں پیش آیا۔ 32 سالہ ویرو جاٹو، جو ٹینٹ  کا کاروبار کرتا تھا اور مان سنگھ جاٹو کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، اپنے گھر میں مردہ پایا گیا۔ ابتدائی طور پر اس کی اہلیہ انیتا نے دعویٰ کیا کہ ان کی موت کسی بیماری کی وجہ سے اچانک ہوئی۔ اس نے اپنی بھابھی کو بلایا اور بتایا کہ ویرو کو سائلینٹ اٹیک ہوا ہے اور طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا۔ لیکن ویرو کے بڑے بھائی گبر جاٹو نے اس کہانی پر شک کیا۔ گلا دبانے کے نشانات نے اس کے شک کو مزید گہرا کر دیا۔

گبر جاٹو نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد کیس کی گہرائی سے تفتیش شروع ہوئی۔ اس قتل کا سب سے اہم گواہ ویرو اور انیتا کا 9 سالہ بیٹا تھا جس نے اس رات کے پورے واقعے کا تفصیلی بیان پولیس کو دیا۔ اس نے بتایا کہ اس کے والد رات گئے گھر واپس آئے  اور انہوں نے اپنا فون چارج کرنے کو کہا تھا۔ انیتا نے بچے کو جلدی سونے کے لیے کہا تھا۔ اس رات بچے نے پلنگ کے ہلنے کی آواز سنی۔ اس نے آنکھ کھولی تو دیکھا کہ اس کی ماں نے گھر کا مین دروازہ کھولا ہوا ہے۔ باہر انیتا کا عاشق کاشی رام پرجاپتی کھڑا تھا۔

بچے نے کہا، "میں ڈر گیا تھا، اس لیے میں خاموشی سے سب کچھ دیکھتا رہا، وہ ہمارے کمرے میں آئے، ممی چارپائی کے سامنے کھڑی تھیں، لوگوں  نے پاپا کو پکڑا، گھونسے مارے، ان کی ٹانگیں اور گلا دبایا، کاشی چچا نے پاپا کے منہ پر تکیہ رکھ کر دبایا، میں نے پاپا کو بچانے کی کوشش کی، لیکن کاشی نے مجھے دھمکی دیتے ہوئے خاموش رہنے کو کہا، کچھ دیر بعد پاپا نے خاموشی اختیار کر لی۔

پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ انیتا اور ویرو کی شادی محبت کی شادی تھی۔ ان دونوں کی یہ دوسری شادی تھی۔ انیتا کو پہلے ہی طلاق ہو چکی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی تھا، جب کہ ویرو بھی اپنی پہلی شادی سے الگ ہو گیا تھا۔ انیتا کھیڈلی میں ایک چھوٹا سا جنرل اسٹور چلاتی تھی۔ کاشی رام پرجاپتی وہاں کچوری کاا سٹال لگاتا تھا ۔ وہ اکثر اس کے پاس جایا کرتا تھا۔ دونوں کے درمیان قربتیں بڑھیں اور دونوں میں محبت ہو گئی۔ ویرو کو اپنی بیوی کے افیئر کا علم ہوا۔ اس وجہ سے دونوں کے درمیان جھگڑا رہتا تھا۔ اس سے جان چھڑانے کے لیے ویرو کو مارنے کی سازش رچی گئی۔

ویرو کے قتل کے بعد انیتا نے اپنے رشتہ داروں کو بلایا اور دعویٰ کیا کہ ویرو کی موت اچانک بیماری کی وجہ سے ہوئی ہے۔ لیکن جسم کی حالت اور زخموں نے گبر جاٹاو کو شک کے دائرے میں لایا۔ پولیس نے گبر کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کی تفتیش کے دوران 100 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی گئی۔ فون کال ریکارڈز کا تجزیہ کیا گیا۔ بچے کے بیان کے ساتھ ان شواہد نے سازش کو بے نقاب کر دیا۔ 


Share: