نئی دہلی، 4 /مئی (ایس او نیوز)ملک کی راجدھانی دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں حالیہ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ جمعہ کو تیز اور ہفتہ کو ہلکی بارش کے سبب درجہ حرارت میں کمی آئی، جس سے عوام کو شدید گرمی سے وقتی راحت ملی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق اتوار کو بھی دہلی-این سی آر میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ نے ملک کی کئی ریاستوں میں بارش، ژالہ باری، آندھی اور بجلی گرنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ راجستھان، مدھیہ پردیش، ودربھ (مہاراشٹر)، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، بہار اور مغربی بنگال کے علاقوں میں خراب موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں 60-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق شمال مغربی ہند میں 4 سے 9 مئی تک جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب اور اتر پردیش میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 6 مئی تک ژالہ باری کا خدشہ ہے، جب کہ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، مغربی یوپی اور راجستھان کے کئی علاقوں میں 5 مئی تک بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ نے دہلی کے لیے یلو الرٹ اور ہماچل پردیش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ مغربی راجستھان میں 4 اور 5 مئی کو گرد آلود آندھی کا امکان ہے، جبکہ جنوبی مغربی راجستھان میں 6 اور 7 مئی کو موسلا دھار بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔
جزیرہ نما ہندوستان کے جنوبی علاقوں میں بھی اگلے سات دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ، رائل سیما، کیرالہ، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں بارش کے ساتھ ساتھ 40-30 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی ہے۔ شمال مشرقی ہند کے ریاستوں جیسے آسام، میگھالیہ اور اروناچل پردیش میں 5 سے 8 مئی تک شدید بارش کی توقع ہے۔
درجہ حرارت کے حوالے سے آئی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ شمال مغربی ہند میں آئندہ تین دنوں تک درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی، تاہم بعد کے چار دنوں میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ مغربی ہندوستان میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت مستحکم رہے گا، اس کے بعد اگلے چار دنوں میں اس میں 2 سے 4 ڈگری کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ الرٹ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر کھلے مقامات، کھمبوں اور درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں۔