ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / 13 سے 15 مارچ تک کئی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان، محکمہ موسمیات کا الرٹ

13 سے 15 مارچ تک کئی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان، محکمہ موسمیات کا الرٹ

Tue, 11 Mar 2025 16:51:40    S O News

نئی دہلی، 11/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)اس وقت ملک بھر میں موسم کے مختلف رنگ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ایک جانب گجرات کے کچھ علاقوں میں شدید گرمی اور لُو کا زور ہے، تو دوسری طرف کشمیر اور ہماچل پردیش میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں شمالی ہندوستان کے موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 12 مارچ سے ہمالیائی خطے میں مغربی ہواؤں (ویسٹرن ڈسٹربنس) کا اثر دکھائی دے سکتا ہے، جس کے نتیجے میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں جموں علاقے، ہماچل پردیش، اروناچل پردیش میں برفباری اور بارش دیکھنے کو ملی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انڈمان و نکوبار جزائر گروپ، آسام اور کیرالہ میں بھی جم کر بارش ہوئی ہے۔ جبکہ سوراشٹر و کچھہ کے حصوں میں شدید گرمی کی حالت ہے۔

راجدھانی دہلی کی بات کی جائے تو یہاں کا درجہ حرارت معمول سے 4.4 ڈگری زیادہ 32.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سیلسیس درج ہوا ہے۔ آئی ایم ڈی نے 13 سے 15 مارچ کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دہلی میں ہوا کی رفتار کم ہونے سے آلودگی کی سطح بڑھ رہی ہے۔ سی پی سی بی کے مطابق این سی آر کے ہوا کا معیار درمیانے سے خراب زمرے میں پہنچ گیا ہے۔ اے کیوآئی 208 درج کیا گیا ہے جس سے ہوا ایک بار پھر زہریلی ہونے لگی ہے۔

اتر پردیش میں گرمی بڑھتی جا رہی ہے۔ اسکائی میٹ کے مطابق 14 اور 15 مارچ کو علی گڑھ، آگرہ، متھرا، شاہجہاں پور، بریلی، مراد آباد، رام پور، بلند شہر، ہاتھرس اور بہرائچ میں بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ مغربی یوپی میں موسم تبدیلی ہوتی رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ہماچل پردیش کے اونچے علاقوں میں برفباری، بارش اور کچھ علاقوں میں بادل چھائے رہنے اور بارش کا امکان ہے۔ 12 مارچ کو بھی ہلکی برفباری کچھ علاقوں میں ہو سکتی ہے۔ 13 سے 15 مارچ کو زیادہ مقامات پر آندھی، برفباری اور بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ہریانہ اور پنجاب میں 12 مارچ کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 13 اور 14 مارچ کو بارش تیز ہونے کا امکان ہے۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے فعال ہونے سے ربی کی فصل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ حالانکہ اس دوران درجہ حرارت میں اضافہ بھی دیکھا جائے گا۔

جنوبی ہند کی بات کی جائے تو کیرالہ میں 13 اور 14 مارچ کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ باقی حصوں میں موسم خشک رہے گا۔ تلنگانہ، حیدرآباد، کرناٹک اور تمل ناڈو میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ لُو کے تھپیڑے لوگوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔
 


Share: