ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / راہل گاندھی کا ایمس دہلی کے حوالے سے مرکز اور دہلی حکومت کو خط: ’مریضوں کے اہل خانہ کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں‘

راہل گاندھی کا ایمس دہلی کے حوالے سے مرکز اور دہلی حکومت کو خط: ’مریضوں کے اہل خانہ کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں‘

Tue, 21 Jan 2025 11:10:35  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 21/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ایمس دہلی کے معاملے پر ایک بار پھر مرکزی اور دہلی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ایمس کے حالات اور وہاں آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے دہلی کے وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت کو خط لکھا ہے۔ راہل گاندھی نے اس معاملے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا، ’’پورے ملک سے دہلی ایمس آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے میں نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت کو خط لکھا ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنے خط کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ ’’گزشتہ دنوں میں نے دیکھا کہ شدید سردی میں یہ میٹرو اسٹیشن کے نیچے سونے کو مجبور ہیں، جہاں نہ تو پینے کے پانی کا انتظام ہے اور نہ ہی بیت الخلا کا۔ آس پاس کوڑے، کچرے کا بھی ڈھیر لگا رہتا ہے۔‘‘ علاوہ ازیں انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کا دہلی ایمس آنا یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ لوگ جہاں رہتے ہیں وہاں انہیں سستی اور اچھی کوالیٹی کی صحت کی سہولیات نہیں مل رہی ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ ’’میں امید کرتا ہوں میرے خط کا نوٹس لیتے ہوئے دہلی کی وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت اس انسانی بحران کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ ساتھ ہی امید ہے کہ مرکزی حکومت آئندہ بجٹ میں پبلک ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی اور اس کے لیے ضروری وسائل میں اضافہ کرے گی۔‘‘ راہل گاندھی نے اس سے قبل ایمس کا اچانک دورہ کیا تھا جس کی ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر ڈالی تھی۔ اس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’قومی صحت کی دیکھ بھال کا نظام پوری طرح سے تباہ ہو چکا ہے۔ ایمس میں سستے اور بہتر علاج کی امید میں مریض بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔ کچھ دنوں قبل دہلی ایمس کے باہر پہنچ کر مریضوں اور ان کو مل رہی سہولیات کو جاننے کی کوشش کی لیکن وہاں کا نظارہ دل دہلانے والا تھا۔‘‘

راہل گاندھی نے ویڈیو میں بتایا تھا کہ ’’ملک کے الگ الگ حصوں سے مریض اور ان کے اہل خانہ علاج کی امید میں دہلی ایمس پہنچتے ہیں۔ وہ لوگ سڑکوں اور سب وے میں شدید سردی اور گندگی کے درمیان رہنے پر مجبور ہیں۔‘‘ راہل گاندھی کے مطابق کینسر سے لے کر امراض قلب تک کی پریشانی والے لوگ وہاں پر موجود تھے، ہر فیملی کے پاس ایسی دردناک کہانی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کی ناکامی واضح طور پر یہاں نظر آ رہی ہے۔


Share: