ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مودی حکومت غریبوں اور محنت کشوں کے مسائل سے لاتعلق ہو گئی ہے: راہل گاندھی

مودی حکومت غریبوں اور محنت کشوں کے مسائل سے لاتعلق ہو گئی ہے: راہل گاندھی

Mon, 20 Jan 2025 11:57:31    S.O. News Service

 نئی دہلی    ، 20/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے اتوار، 19 جنوری کو ایک بار پھر مودی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے حکومت پر غریبوں اور محنت کش طبقوں کو نظر انداز کرنے اور ان کے مسائل حل نہ کرنے کا الزام لگایا۔ راہل گاندھی نے اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے ’وہائٹ ٹی شرٹ موومنٹ‘ کے آغاز کا اعلان کیا۔ اس تحریک میں شمولیت کے لیے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پیغام جاری کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ "مودی حکومت نے غریبوں اور محنت کش طبقے کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے اور ان کی مشکلات سے منہ موڑ لیا ہے۔" انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تحریک کا حصہ بن کر اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں۔

راہل گاندھی نے پوسٹ میں آگے لکھا کہ ’’حکومت کی پوری توجہ صرف چند چنندہ سرمایہ داروں کو مالا مال کرنے پر ہے۔ اس وجہ سے عدم مساوات میں مسلسل اضافہ ہو  رہا ہے اور خون پسینے سے ملک کی آبیاری کرنے والے محنت کشوں کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ وہ طرح طرح کی ناانصافیوں اور مظالم کو سہنے پر مجبور ہیں۔‘‘ علاوہ ازیں راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’ایسے میں ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مل کر انہیں انصاف اور حق دلانے کے لیے مضبوطی سے آواز اٹھائیں۔ اسی سوچ کے ساتھ ہم #WhiteTshirtMovement کی شروعات کرنے جا رہے ہیں۔‘‘

کانگریس رہنما راہل گاندھی نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’میں اپنے نوجوان محنت کش طبقہ کے ساتھیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس تحریک سے جڑنے اور اس سے متعلق تفصیلی معلومات کے لیے اس لنک پر وزٹ کریں۔ /whitetshirt.in/home/hin یا اس نمبر پر مسڈ کال کریں۔ 9999812024۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی ہمیشہ غریبوں کی آواز اٹھانے کے معاملے میں صف اول میں رہے ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو غریبوں کو نظر انداز کرنے کا ہمیشہ مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ غریبوں کی آوز اٹھانے کے معاملے میں ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے راہل گاندھی نے اس ’وہائٹ ٹی شرٹ موومنٹ‘ کی شروعات کی ہے۔


Share: