ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پونے: جی بی ایس متاثرین 100 سے زائد، مفت علاج کا اعلان

پونے: جی بی ایس متاثرین 100 سے زائد، مفت علاج کا اعلان

Mon, 27 Jan 2025 12:09:21  Office Staff   S.O. News Service

  پونے، 27/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)پونے میں گیلین بار سنڈروم (جی بی ایس) کے مریضوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ مہاراشٹر کے محکمہ صحت نے ایک موت کی اطلاع بھی دی ہے، جو ممکنہ طور پر جی بی ایس کے سبب ہوئی ہو سکتی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر، ریاستی حکومت نے پونے کے مخصوص علاقوں میں رہنے والوں کے لیے مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ جی بی ایس کا علاج انتہائی مہنگا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ اقدام بہت اہمیت کا حامل ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 28 اور مریضوں میں جی بی ایس کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 101 تک پہنچ گئی ہے۔ وہیں شولا پور میں مبینہ طور پر اس سے ایک موت کی اطلاع مل رہی ہے۔ فی الحال 16 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں اور 23 معاملے ایسے ہیں جہاں مریضوں کی عمر 50 سے 80 سال کی ہے۔ 9 جنوری کو اسپتال میں داخل ہوئے مریضوں کو پونے کلسٹر کا پہلا معاملہ مانا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جانچوں سے پتہ چلا ہے کہ اسپتال میں بھرتی ہوئے کچھ مریضوں میں کیمپیلو بیکٹر جیجونی بیکٹریا ملا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ دنیا بھر کے سبھی جی بی ایس معاملوں میں سے ایک تہائی کی وجہ سی جیجونی ہی ہے۔ ساتھ ہی اس کی وجہ سے سنگین انفیکشن بھی ہو رہے ہیں۔ فی الحال افسران خاص طور سے ان علاقوں میں پانی کے نمونے یکجا کر رہے ہیں جہاں مریض بڑی تعداد میں مل رہے ہیں۔

ہفتہ کو کھڑک واسلا باندھ کے پاس ایک کنوئیں میں بیکٹیریم ای کولائی کی مقدار زیادہ ملی لیکن افسروں کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ اس کنوئیں کا استعمال ہوتا ہے یا نہیں۔ وہاں رہنے والوں کو پانی کو اُبال کر پینے اور کھانا کو گرم کرکے کھانے کی صلاح دی گئی ہے۔ خبروں کے مطابق اس علاج میں استعمال کیے جانے والے آئی وی آئی جی انجیکشن کی قیمت 20 ہزار روپے ہے۔

اخبار کے مطابق 16 جنوری کو اسپتال میں بھرتی ہوئی ایک 68 سال کی خاتون کی رشتہ دار نے بتایا کہ علاج میں کُل 13 انجکشن کا استعمال کیا گیا ہے۔

اتوار کو نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ جی بی ایس کے بارے میں مجھے پتہ چلا ہے کہ اس بیماری کا علاج مہنگا ہے، اس لیے میں نے ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے افسروں کے ساتھ میٹنگ کی اور شہریوں کو مفت علاج مہیا کرانے کا فیصلہ کیا۔ پمپری چنچواڑ ضلع کے متاثر لوگوں کا علاج وائی سی ایم اسپتال میں کیا جائے گا۔


Share: