ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سینئر کانگریس لیڈر کرن سنگھ کا بیان: پرینکا گاندھی کو ’باصلاحیت‘ قرار دیا، راہل گاندھی پر بھی رائے کا اظہار

سینئر کانگریس لیڈر کرن سنگھ کا بیان: پرینکا گاندھی کو ’باصلاحیت‘ قرار دیا، راہل گاندھی پر بھی رائے کا اظہار

Sun, 05 Jan 2025 10:52:38    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 5/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس کے 75 سالہ سینئر لیڈر اور اندرا گاندھی کی حکومت میں مرکزی وزیر رہ چکے کرن سنگھ نے کانگریس کی سینئر رہنما پرینکا گاندھی اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کی کھل کر تعریف کی ہے۔ پرینکا گاندھی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک ’باصلاحیت اور قابل لڑکی‘ ہیں۔ راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کرن سنگھ نے کہا کہ ان کا کام پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر ہو گیا ہے اور وہ سیاست میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ماضی میں راہل گاندھی کے ساتھ قریبی رابطے میں تھے، لیکن اب ایسا نہیں ہے، پھر بھی وہ انہیں ایک بہترین شخصیت کے مالک سمجھتے ہیں۔

کرن سنگھ نے راہل گاندھی کے وزیر اعظم بننے کے متعلق کہا کہ ’’راہل گاندھی وزیر اعظم بنیں گے یا نہیں یہ قیاس کا موضوع ہے۔ لیکن میں یہ ضررو کہہ سکتا ہوں کہ ان کے اندر کافی قوت و صلاحیت موجود ہے اور ان کے پاس خود کو تیار کرنے کا وقت بھی ہے.‘‘ سابق مرکزی وزیر نے پرینکا گاندھی کے حوالے سے کہا کہ پرینکا کو تب سے جانتا ہوں جب وہ بچی تھیں۔ انہوں نے پرینکا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک زندہ دل لڑکی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ کرن سنگھ صرف 36 سال کی عمر میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی کابینہ کا حصہ تھے۔ انہوں نے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو اپنا ’گرو‘ بتایا۔ کرن سنگھ نے اندرا گاندھی کی دور حکومت کے حوالے سے کہا کہ ’’میں اندرا گاندھی کے ساتھ 10 سال تک کابینہ میں تھا۔ میں نے ان کی حکومت کا سب سے بہترین پَل بنگلہ دیش کی آزادی اور سب سے خراب پَل ایمرجنسی دیکھا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے 1991 میں راجیو گاندھی کے قتل کو ایک خوفناک سانحہ بتایا۔ کرن سنگھ کے مطابق 2006 میں صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لیے بائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ میں سونیا گاندھی نے ان کا نام پیش کیا تھا۔ لیکن بائیں بازو کی جماعتوں نے ان کی امیدواری کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا تھا کہ ’’ہم ایک مہاراجہ کو صدر جمہوریہ کیسے بنا سکتے ہیں۔‘‘


Share: