ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کنداپور کو سیاحتی مرکز بنانے کی ترجیح، ہوائی اڈے کا فیصلہ بعد میں ہوگا: ڈی کے شیوکمار

کنداپور کو سیاحتی مرکز بنانے کی ترجیح، ہوائی اڈے کا فیصلہ بعد میں ہوگا: ڈی کے شیوکمار

Mon, 28 Jul 2025 17:56:39    S O News

بنگلورو، 28 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ حکومت کنداپور کو ایک اہم سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کو اولین ترجیح دے گی، اور اس کے بعد ہی اس علاقہ میں ہوائی اڈے کے قیام پر غور کیا جائے گا۔ وہ بنگلورو میں منعقدہ ’کنداپرا کنڑا حبّا‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کنداپرا کنڑا پرتِشٹھانا کی جانب سے پیش کردہ میمورنڈم میں کنداپرا بھون، میڈیکل کالج اور بئندور کے قریب ہوائی اڈے کے مطالبات شامل تھے، جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ حکومت 340 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کے لیے ایک مخصوص سیاحتی پالیسی پر غور کر رہی ہے، جو پہلے نافذ کی جائے گی، پھر ہوائی اڈے کے بارے میں غور کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سب سے پہلے کنداپور کو ایک اہم سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔

انہوں نے تنظیم کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا اجتماع کر کے آپ نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ علاقہ واقعی کرناٹک کا دل ہے، کیونکہ دکشن کنڑا، اُڈپی اور قریبی علاقوں کے لوگوں کے لیے یہ ایک مرکزی مقام ہے، اور کسی کو بھی خود کو الگ تھلگ محسوس کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنے خطاب میں شیوکمار نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اُڈپی اور کنداپور کے عوام کے ساتھ اپنی وابستگی کے اظہار کے لیے اس پروگرام میں شریک ہوئے ہیں۔

اسی موقع پر مشہور فلم ساز یوگرَاج بھٹ کو نائب وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں ’اوورا گوروَ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یوگرَاج بھٹ نے اظہار تشکر میں کہا کہ اگرچہ ان کی پرورش دھارواڑ میں ہوئی، لیکن ان کی جائے پیدائش کنداپور کا تنترڈی گاؤں ہے، اور ان کا گھر کنداپرا ثقافت میں رچا بسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی زبان ان کی پہچان اور روزگار کی بنیاد رہی ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس زبان کو بولیں اور اپنائیں۔

دو روزہ ثقافتی تقریب میں مختلف پروگرام پیش کیے گئے جن میں اٹنِگے یَکشَگان، الواس کالا ویبھو، نندگوکلا ٹیم کا بارکور ہڈاگو نرتیَ روپک، ’بیڑی پٹاکی‘ تھیم پر مبنی بچپن کے روایتی کھیل، فیشن شو، ہنڈاڈی کوئز، فوڈ اور بُک فیر، اور دیگر ساحلی ثقافت پر مبنی پروگرام شامل تھے۔ اس موقع پر رکشتا پریم، کے پرکاش شیٹی، جوگی، اپیندرا شیٹی، شائن شیٹی، پربھین شیٹی، کشور ہیگڈے، انجلی وجے، ستیِش شیٹی، اُدے ہیگڈے، ڈاکٹر دیپک شیٹی بارکور، نرسمہا بیجادی، رگھویندر کنچن، اجیت شیٹی اُلتور اور وجے شیٹی ہلاڈی جیسے اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔


Share: