ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / حج 2026 کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز: مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور مکمل سرنیم لازمی، عازمین سے پاسپورٹ تیار رکھنے کی اپیل

حج 2026 کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز: مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور مکمل سرنیم لازمی، عازمین سے پاسپورٹ تیار رکھنے کی اپیل

Tue, 17 Jun 2025 12:47:02    S O News

ممبئی / نئی دہلی، 17 جون (ایس او نیوز / ایجنسی) حج 2026 (1447 ہجری) کے سلسلے میں تیاریوں کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں حج کمیٹی آف انڈیا نے ایک اہم سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام ممکنہ عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا پاسپورٹ فوری طور پر تیار رکھیں، تاکہ حج 2026 کے باضابطہ اعلان کے فوراً بعد تمام ضروری کارروائی بروقت مکمل کی جا سکے۔

حج کمیٹی کے مطابق سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے 8 جون 2025 کو "پریلمینری ارینجمنٹس ڈاکیومنٹ" جاری کیا گیا ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ تمام متعلقہ فریقین وقت پر انتظامات کو حتمی شکل دے سکیں۔ اسی دستاویز کی بنیاد پر حج کمیٹی آف انڈیا نے تیاریوں کا عمل شروع کرتے ہوئے اہم رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔

سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ حج درخواست دہندگان کے پاس مشین ریڈایبل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے، اور اس کی میعاد کم از کم 31 دسمبر 2026 تک ہونی چاہئے۔ ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ اگر کوئی نیا پاسپورٹ تیار کروایا جا رہا ہے تو درخواست گزار "سر نیم" (Surname) اور "لاسٹ نیم" (Last Name) کے خانے کو ہرگز خالی نہ چھوڑے۔ یہ شرط حج 2025 کے دوران سعودی عرب کے "نسک مسار پورٹل" پر بھی لازم قرار دی گئی تھی، اور آئندہ سال کے لیے بھی اسی ضابطے پر عمل متوقع ہے۔

حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ آفیشیل ویب سائٹ اور آن لائن ذرائع پر مسلسل نظر رکھیں، تاکہ حج 2026 کے اعلان کے بعد درخواست فارم جمع کرانے، قرعہ اندازی، ادائیگی، ویکسینیشن، حج تربیتی کیمپ، اور سفری معلومات سے متعلق تمام مراحل میں بروقت شریک ہو سکیں۔

واضح رہے کہ حج 2026 کے اعلان کا امکان جولائی 2025 کے دوران ظاہر کیا گیا ہے، اور حج کمیٹی نے اس سے قبل ہی ابتدائی تیاریوں کا عمل شروع کر کے عازمین کے لیے سہولت کی راہ ہموار کر دی ہے۔


Share: