کابل ، 12/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)افغانستان کے شمالی شہر قندوز میں آج ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد جاں بحق ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھماکہ 11 فروری کی صبح کابل بینک کی ایک شاخ کے باہر پیش آیا، جس میں تقریباً 30 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ افغان میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
’امو ٹی وی‘ نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ میں ہلاک ہونے والے لوگوں میں سے بیشتر کا تعلق طالبان سے ہے۔ وہ طالبانی رکن تھے اور مہلوکین میں کندج کے ’پولیس ضلع 4‘ کے طالبان سیکورٹی کمانڈر زکریا بھی شامل ہیں۔ طالبان پولیس نے اس دھماکہ سے متعلق شروعاتی جانکاری دیتے ہوئے بتایا تھا کہ منگل کی صبح شہر میں کابل بینک برانچ کے باہر ہوا دھماکہ ایک خود کش بم دھماکہ تھا۔ اس میں شہریوں اور طالبان اراکین سمیت 5 لوگوں کی موت ہو گئی اور 7 دیگر زخمی ہوئے۔ بعد میں مقامی میڈیا کے ذریعہ مہلوکین اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ کی خبر دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 8.30 بجے ہوا تھا۔ مہلوکین کی لاشوں کو طالبان کے 217 اوماری کور کلینک میں لے جایا گیا۔ کچھ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ طالبان کی طرف سے اپنے فوجی اور سیکورٹی اہلکاروں کو تنخواہ لینے کے لیے بینکوں سے دور رہنے اور اس کی جگہ معین مقامات کا استعمال کرنے کا حکم دینے کے ہفتوں بعد ہوا ہے۔ فی الحال کسی بھی گروپ نے اس بم دھماکہ کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔