ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پہلگام حملے کے بعد ہندوستان نے سخت اقدامات کیے،سکیورٹی تدابیر مزید سخت

پہلگام حملے کے بعد ہندوستان نے سخت اقدامات کیے،سکیورٹی تدابیر مزید سخت

Sat, 03 May 2025 18:21:19    S O News

نئی دہلی، 3/مئی (ایس او نیوز )لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ اتوار کو پاکستانی فوج نے دسویں روز بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے جواب میں  ہندوستانی افواج نے مؤثر کارروائی کی۔ فوجی ذرائع کے مطابق یہ فائرنگ کپواڑہ، اڑی  اور اکھنور  سیکٹر میں کی گئی، جہاں پاکستانی جانب سے مارٹر اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ اگرچہ کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے، لیکن سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے اور سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔

یہ واقعات اس المناک حملے کے بعد سامنے آ رہے ہیں جو 22 اپریل کو پہلگام کے بیسرن علاقے میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے 26 افراد کو قتل کر دیا، جن میں 25 سیاح اور ایک مقامی شہری شامل تھا۔ اس حملے کے بعد ملک گیر سطح پر غم و غصہ دیکھنے میں آیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے حامیوں اور سہولت کاروں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔ پیر کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم سے 40 منٹ طویل ملاقات کی، جس میں فوج کی تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس سے قبل انہوں نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان سے موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی سری نگر میں بری فوج کے سربراہ جنرل اوپندر دویدی سے ملاقات کی اور وادی میں سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ پیر کو جموں و کشمیر اسمبلی نے متفقہ طور پر پہلگام حملے کی مذمت کی اور ایک قرار داد منظور کی۔ سیاسی قیادت اور عوامی نمائندوں نے کہا ہے کہ تشدد کے خلاف متحد ہو کر کارروائی کرنا ہوگی۔

دوسری طرف ہندوستان نے کئی سخت اقدامات کیے ہیں۔ اٹاری-واگھہ سرحد کو بند کر دیا گیا ہے، پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کیا جا رہا ہے، سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا گیا ہے اور پاکستانی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کر دی گئی ہے۔ اس کے جواب میں پاکستان نے شملہ معاہدے کو تسلیم نہ کرنے اور ایل او سی کو نظر انداز کرنے کا اعلان کیا ہے۔


Share: