بھٹکل، 2 جولائی (ایس او نیوز): بھٹکل میں بدھ کی دیر رات اُس وقت ایک بڑا حادثہ ٹل گیا جب چوک بازار میں واقع ایک پرانی خستہ حال عمارت کی چھت اور ایک ستون منہدم ہوکر زمین بوس ہوگئے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب شہر میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے شدید بارش کا سلسلہ جاری تھا۔
خوش قسمتی سے، حادثہ رات تقریباً سوا دس بجے پیش آیا جب اکثر دکانیں بند ہوچکی تھیں اور سڑکیں تقریباً سنسان تھیں، جس کی وجہ سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق اگر یہ واقعہ دن کے وقت یا بازار کے مصروف اوقات میں پیش آتا تو سنگین نتائج کا خدشہ تھا، کیونکہ چوک بازار کو بھٹکل کے مصروف ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ یہ عمارت جناب زُبیر رکن الدین کی ملکیت تھی، جو اپنی بوسیدگی کے باعث گزشتہ دس سال سے خالی پڑی ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ پانچ ، چھ سال قبل اس عمارت کو کسی دوسرے فرد کو فروخت کیا گیا تھا، تاہم برسوں سے اس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی گئی۔ فی الحال اس عمارت کی حالت اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ مزید بارش یا طوفانی ہواؤں کی صورت میں مکمل انہدام کا خطرہ لاحق ہے۔
عمارت کے سامنے واقع ایک دکاندار نے بتایا، ’’رات کوطوفانی ہواوں کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری تھی، لیکن جیسے ہی تقریباً سوا دس بجے بارش تھمی، اچانک عمارت کی چھت گر گئی، جس کے ساتھ ہی سامنے والا ایک ستون بھی زمین پر آ گرا۔ خوش قسمتی سے اُس وقت سڑک پر کوئی راہگیر موجود نہیں تھا۔‘‘
واضح رہے کہ بدھ کی صبح سے ہی بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں وقفے وقفے سے طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے سبب دیگر علاقوں سے بھی جزوی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔