ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میں جھگیوں پر بلڈوزر کارروائی پر سیاسی گھمسان؛ کیجریوال نے بی جے پی کو بنایا نشانہ اور کانگریس نے کیجریوال پر بولا حملہ

دہلی میں جھگیوں پر بلڈوزر کارروائی پر سیاسی گھمسان؛ کیجریوال نے بی جے پی کو بنایا نشانہ اور کانگریس نے کیجریوال پر بولا حملہ

Sun, 29 Jun 2025 20:40:56    S O News
دہلی میں جھگیوں پر بلڈوزر کارروائی پر سیاسی گھمسان؛ کیجریوال نے بی جے پی کو بنایا  نشانہ اور کانگریس نے کیجریوال پر بولا حملہ

نئی دہلی 29 جون (ایس او نیوز)  دہلی میں جھگیوں کے خلاف جاری بلڈوزر کارروائی پر اتوار کو عام آدمی پارٹی نے جنتر منتر پر احتجاج کیا، جس میں اروند کیجریوال، منیش سسودیا، سوربھ بھاردواج اور سنجے سنگھ سمیت پارٹی کے اہم رہنما شریک ہوئے۔ کیجریوال نے اس موقع پر بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "بی جے پی نے جھگیاں توڑ کر لاکھوں غریبوں کی زندگی برباد کر دی۔"

انہوں نے وزیر اعظم مودی کی اُس گارنٹی کو "فرضی" قرار دیا جس میں کہا گیا تھا کہ "جہاں جھگی، وہاں مکان"، اور دعویٰ کیا کہ دہلی میں 40 لاکھ جھگی باسی خطرے میں ہیں۔ کیجریوال نے عوام سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر سب لوگ سڑکوں پر آ گئے تو حکومت کی نیندیں اڑ جائیں گی۔

دوسری طرف، دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کیجریوال پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ "یہ آنسو سیاسی مفاد کے لیے ہیں، سچ یہ ہے کہ خود کیجریوال حکومت نے 'جھگی ہٹاؤ' پالیسیوں کو منظوری دی تھی اور کانگریس دور کی 'جہاں جھگی، وہاں مکان' اسکیم کو بند کر دیا۔"

یادو نے کیجریوال سے 10 سخت سوالات بھی کیے، جن میں جھگی مکینوں سے ووٹ لینے کے بعد اُن کے لیے کچھ نہ کرنے، متاثرین سے نہ ملنے، اور عدالت میں انہدام کی حمایت کرنے جیسے الزامات شامل تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی دونوں مل کر جھگی باسیوں کے خلاف کام کر رہی ہیں۔

کانگریس رہنما نے دہلی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ "جھوٹے وعدوں اور گھڑیالی آنسوؤں" سے ہوشیار رہیں، اور دعویٰ کیا کہ صرف کانگریس ہی غریبوں کے ساتھ کھڑی ہے۔


Share: