ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مودی بین الاقوامی اداروں پر ٹرمپ کی زبان بول رہے ہیں، دوست نوازی میں حدیں پار کر رہے ہیں: کانگریس

مودی بین الاقوامی اداروں پر ٹرمپ کی زبان بول رہے ہیں، دوست نوازی میں حدیں پار کر رہے ہیں: کانگریس

Mon, 17 Mar 2025 16:41:30    S O News

نئی دہلی ، 17/ مارچ (ایس او نیوز/ ایجنسی)کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے پوڈکاسٹ انٹرویو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں کو غیر متعلقہ قرار دینے کے معاملے میں مودی، ٹرمپ کی زبان بول رہے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے امریکی پوڈکاسٹر لیکس فریڈمین کو دیے گئے انٹرویو میں کئی ذاتی، سیاسی اور بین الاقوامی معاملات پر بات کی۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا، ’’وزیر اعظم مودی واضح طور پر ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ وہی عالمی ادارے جو ہندوستان کے لیے مفید رہے ہیں، اب غیر متعلقہ ہو چکے ہیں۔ یہ دراصل امریکی صدر کی زبان ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’حقیقت تو یہ ہے کہ خود ٹرمپ ان اداروں کو بے اثر بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور اب وزیر اعظم مودی بھی اپنے 'اچھے دوست' کی پیروی کر رہے ہیں۔‘‘

کانگریس رہنما نے سوال اٹھایا، ’’کیا عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ہندوستان کے لیے فائدہ مند نہیں؟ کیا عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) ہندوستان کے لیے مفید نہیں؟ کیا پیرس معاہدہ ہندوستان کے لیے اہم نہیں؟ کیا اقوام متحدہ نے اپنی تمام تر خامیوں کے باوجود، ہندوستانی امن فوجیوں کو عالمی مواقع فراہم نہیں کیے؟‘‘

جے رام رمیش نے کہا، ’’کثیر الجہتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے لیکن ٹرمپ اور مودی جس طرح سے ان اداروں کی مکمل مذمت کر رہے ہیں، وہ درست نہیں۔‘‘

انہوں نے مودی کے پوڈکاسٹ میں دیے گئے بیانات پر طنز کرتے ہوئے کہا، ’’تقریباً ایک سال پہلے انہوں نے خود کو 'نان بایولوجیکل' کہا تھا۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ '1+1' اصول پر یقین رکھتے ہیں، ایک مودی اور دوسرا روحانی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم ایسی باتیں ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب معیشت سنگین چیلنجوں سے دوچار ہے، پڑوسی ممالک میں عدم استحکام ہے اور عالمی نظام عدم توازن کا شکار ہے۔ کانگریس رہنما نے آخر میں کہا، ’’حکومت کا اصول ہونا چاہیے: کم سے کم خود پسندی، زیادہ سے زیادہ گڈ گورننس۔‘‘


Share: