نئی دہلی ،11/ ستمبر (ایس او نیوز) ڈائریکٹر جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) نے ایک ہدایت جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیزیوتھیراپسٹ اپنے نام کے ساتھ 'ڈاکٹر' کا سابقہ استعمال کرنے کے حقدار نہیں ہیں اور یہ سابقہ صرف رجسٹرڈ میڈیکل پریکٹیشنرز کے لیے مخصوص ہوتا ہے ۔
ڈی جی ایچ ایس کی طرف سے یہ وضاحت فیزیو تھیراپی کرنے والے افراد کی طرف سے اپنے نام کے ساتھ 'ڈاکٹر' کا سابقہ اور 'PT' کا لاحقہ استعمال کرنے کے خلاف بشمول انڈین ایسوسی ایشن آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبلیٹیشن، طبی تنظیموں کی طرف سے دی گئی کئی یاد داشتوں اور اعتراضات کے بعد سامنے آئی ہے ۔
ڈائریکٹر جنرل آف ہیلتھ سروسس کا کہنا ہے کہ فیزیو تھیراپسٹ کو طبی ڈاکٹروں کے طور پر تربیت نہیں دی جاتی ہے اور انہیں اپنے آپ کو اس طرح پیش نہیں کرنا چاہئے، کیونکہ یہ مریضوں اور عوام کو گمراہ کر سکتا ہے ۔ ڈی جی ایچ ایس نے مزید کہا ہے کہ فیزیو تھراپسٹ کو بنیادی ہیلتھ کیئر سروس فراہم کرنے والے کے طور پر پریکٹس کرنے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ وہ طبی معاملات کی تشخیص کے اہل نہیں ہیں اس لئے انہیں صرف ماہر ڈاکٹروں کی طرف سے ریفر کیے گئے مریضوں کا ہی علاج کرنا چاہیے ۔
ماضی میں دئے گئے عدالتی فیصلوں اور میڈیکل کونسل کے مشورے کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی جی ایچ ایس نے نشاندہی کی ہے کہ 'ڈاکٹر' کا ٹائٹل صرف ماڈرن میڈیسن، آیورویدا، ہومیو پیتھی اور یونانی طرز علاج کے رجسٹرڈ پریکٹیشنرز ہی استعمال کر سکتے ہیں ۔ اگر کوئی بھی فیزیو تھیراپسٹ تسلیم شدہ میڈیکل قابلیت کے بغیر اس ٹائٹل کا استعمال کرتا ہے تو یہ انڈین میڈیکل ڈگری ایکٹ 1916 کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔