ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تمل ناڈو میں مسافر ٹرین حادثے سے بال بال بچی، لوکو پائلٹ کی حاضر دماغی سے سینکڑوں مسافروں کی جان محفوظ

تمل ناڈو میں مسافر ٹرین حادثے سے بال بال بچی، لوکو پائلٹ کی حاضر دماغی سے سینکڑوں مسافروں کی جان محفوظ

Tue, 14 Jan 2025 16:53:10    S.O. News Service

پڈوچیری ، 14/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی )تمل ناڈو میں پڈوچیری جانے والی میمو ٹرین کے 5 ڈبے ولّوپورم کے قریب پٹری سے اتر گئے، مگر لوکو پائلٹ کی بروقت کارروائی سے ایک بڑے حادثے سے بچا جا سکا۔ پی آر او ریلوے چنئی کے مطابق، ٹرین سے تیز آواز آنے کے بعد فوراً ٹرین کو روک لیا گیا، جس سے تمام مسافر محفوظ رہ سکے۔ تمام مسافروں کو بحفاظت ٹرین سے باہر نکال لیا گیا۔ ریلوے ملازمین اور انجینئرز فوراً موقع پر پہنچے اور پٹری سے اترے ہوئے ٹرین کے ڈبوں کی مرمت کے لیے کام شروع کر دیا۔

راحت کی بات ہے کہ اس حادثہ میں کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ حادثے کے بعد 3 گھنٹے تک ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔ ریلوے ملازمین نے مورچہ سنبھالتے ہوئے ٹرینوں کے لیے راستہ صاف کیا۔ اس واقعہ کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔ افسر یہ پتہ لگا رہے ہیں کہ یہ واقعہ تکنیکی خرابی سے ہوا یا اس کی کوئی اور وجہ بھی ہو سکتی ہے۔ افسروں کا کہنا ہے کہ جانچ پوری ہونے کے بعد ہی ٹرین کے پٹری سے اترنے کی اصل وجہ پتہ چل سکے گی۔

ذرائع کے مطابق تقریباً 500 مسافروں کو لے کر ولوپورم-پڈوچیری ٹرین صبح 5:25 بجے ولوپورم روانہ ہوئی۔ ٹرین جب ایک موڑ پار کر رہی تھی، تبھی اس کا ایک ڈبہ پٹری سے اتر گیا اور لوکو پائلٹ نے اسے دیکھ لیا اور فوراً ٹرین کو روک دیا۔ لوکو پائلٹ کی اس مستعدی و سوجھ بوجھ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا اور سینکڑوں لوگوں کی جان بچ گئی۔ اس حادثہ کی وجہ سے ولوپورم راستے پر صبح 8:30 بجے تک ٹرین کی آمد و رفت میں رکاوٹ آئی جس کی وجہ سے مسافروں کو تھوڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔


Share: