ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سیتارمن آٹھویں مرتبہ پیش کریں گی بجٹ، پارلیمانی اجلاس 31 جنوری سے شروع ہوگا

سیتارمن آٹھویں مرتبہ پیش کریں گی بجٹ، پارلیمانی اجلاس 31 جنوری سے شروع ہوگا

Sat, 18 Jan 2025 11:42:13    S.O. News Service

نئی دہلی ، 18/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 31 جنوری 2025 سے شروع ہو کر 4 اپریل تک جاری رہے گا۔ یہ اجلاس دو حصوں میں تقسیم ہوگا، جس میں پہلے مرحلے کی کارروائی 13 فروری کو ختم ہو جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے کی کارروائی 10 مارچ سے 4 اپریل تک جاری رہے گی۔

لوک سبھا سیکریٹریٹ کے جاری کردہ پروویژنل کیلنڈر کے مطابق، سیشن کا آغاز صدر دروپدی مرمو کے خطاب سے ہوگا۔ یہ خطاب لوک سبھا کے چیمبر میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ نشست میں دیا جائے گا۔ اسی روز اقتصادی سروے بھی پیش کیا جائے گا۔

پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ صدر مرمو نے بجٹ سیشن کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے۔ بجٹ سیشن کا پہلا مرحلہ 31 جنوری سے شروع ہو کر 13 فروری تک جاری رہے گا جس میں نو اجلاس ہوں گے۔ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں وزارتوں اور محکموں کی گرانٹس پر بحث اور بجٹ کی منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر جواب دیں گے، جب کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن بجٹ پر ہونے والی بحث کا جواب دیں گی۔ مکمل اجلاس میں مجموعی طور پر 27 نشستیں ہوں گی۔

وزیر خزانہ نرملا سیتارمن یکم فروری کو مسلسل آٹھویں بار مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔ سیتارمن نے 2024 میں اپنا ساتواں بجٹ پیش کر کے متواتر بجٹ پیش کرنے کا مورارجی دیسائی کا ریکارڈ توڑا تھا۔ وہ 2014 سے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں مختلف وزارتوں میں خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔


Share: