پٹنہ، 26/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)پٹنہ کے ایس کے پوری تھانہ علاقے میں واقع ہڑتالی موڑ کے قریب 24 مئی کو جرائم پیشہ عناصر نے دن دہاڑے فائرنگ کی سنگین واردات انجام دی۔ اس واقعے کے بعد پٹنہ کے ایس ایس پی اوکاش کمار نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے سب انسپکٹر اور اے ایس آئی سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ ابتدائی تفتیش میں غفلت اور لاپرواہی کے شواہد ملنے کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
دراصل بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ہوئی گولی باری کے اس واقعہ کے بعد ریاست کی قانونی صورتحال پر سوال اٹھنے لگے تھے۔ ایس کے پوری تھانہ کے ہڑتالی موڑ پر واقع لوہیا پتھ چکر سے لے کر مہادیو مہتو مارگ کے سامنے یو ٹرن تک بغیر نمبر پلیٹ والی کار میں سوار نوجوانوں نے دن دہاڑے فائرنگ کی۔ ہفتہ کی شام 5 بجے پیش آئے اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ واضح ہو کہ کار کی ٹکر ہونے کے بعد ہوئے تنازعہ میں 2 گھنٹے بعد بدلہ لینے کی نیت سے آئے بدمعاشوں نے فائرنگ کر دہشت پھیلانے کی کوشش کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ جس گاڑی پر بیٹھ کر بدمعاشوں نے فائرنگ کی وہ بغیر نمبر پلیٹ کی کالے رنگ کی اسکارپیو تھی۔ ان لوگوں نے بورنگ روڈ فلائی اوور کے سامنے 8 راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے ایک بلینو کار کو ٹکر ماری اور وہاں سے موہنی چوک تک ہوا میں فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد سبھی بدمعاش فلائی اوور پر چڑھ کر فرار ہو گئے۔ اس واقعہ کی تحقیقات کی ذمہ داری سٹی ایس پی سویٹی سہراوت کو سونپی گئی ہے۔ بدمعاشوں کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کی مدد لی جا رہی ہے۔ حالانکہ ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہو پائی ہے۔