ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میں سردی کی لہر کے ساتھ بارش، کہرے نے بڑھائی ٹھٹھرن، 29 ٹرینوں کی آمد میں تاخیر

دہلی میں سردی کی لہر کے ساتھ بارش، کہرے نے بڑھائی ٹھٹھرن، 29 ٹرینوں کی آمد میں تاخیر

Thu, 16 Jan 2025 16:44:45    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 16/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں جمعرات کی صبح گھنے کہرے اور شدید سردی کے درمیان موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور دھند نے حالات کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی رفتار سست پڑ گئی ہے اور گاڑیاں سڑکوں پر رینگتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس خراب موسم کی وجہ سے روزمرہ کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

پہاڑوں پر ہو رہی برفباری کا سیدھا اثر میدانی علاقوں میں پڑ رہا ہے، جس سے سرد لہر اور گھنے کہرے کا دور جاری ہے۔ بارش اور کہرے کو لے کر محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کچھ دنوں کے لیے گھنے کہرے اور بارش کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ محکمہ نے دہلی کے لیے یلو تو گرو گرام، فرید آباد، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔

کہرے کا اثر ٹرین اور فضائی خدمات پر بھی بڑے پیمانے پر پڑ رہا ہے۔ دہلی سے آنے والی 29 ٹرینیں کئی گھنٹوں کی تاخیر سے چل رہی ہیں جبکہ کل یعنی بدھ کو 300 سے زیادہ طیاروں نے تاخیر سے اُڑان بھری۔ کئی طیاروں کا روٹ بھی ڈائیورٹ کرنا پڑا۔ حد نگاہ کم ہونے کے سبب کچھ طیاروں کو تھوڑے وقت کے لیے پوراز بھرنے سے روک دیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ دھوپ نکلنے کے آثار کم ہیں۔ 20 جنوری تک گھنا کہرا اور شدید ٹھنڈ کے حالات بنے رہیں گے۔ 21 جنوری کو پھر سے بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

وہیں مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایئر کوالیٹی اوسط 386 کے ساتھ 'انتہائی خراب' زمرے میں پہنچ گیا ہے۔ واضح ہو کہ صفر سے 50 کے درمیان اے کیو آئی کو 'اچھا'، 51 سے 100 کے درمیان 'اطمینان بخش'، 101 سے 200 کے بیچ 'درمیانی'، 201 سے 300 کے درمیان 'خراب'، 301 سے 400 کے درمیان 'انتہائی خراب' اور 401 سے 500 کے درمیان اے کیو آئی کو 'سنگین' زمرے میں مانا جاتا ہے۔


Share: