ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آئی آئی ٹی کی رپورٹ کا انکشاف: ہندوستان میں 55 فیصد ٹرک ڈرائیوروں کی بینائی کمزور

آئی آئی ٹی کی رپورٹ کا انکشاف: ہندوستان میں 55 فیصد ٹرک ڈرائیوروں کی بینائی کمزور

Wed, 29 Jan 2025 17:10:28    S.O. News Service

    نئی دہلی ، 29/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی  )آئی آئی ٹی دہلی اور فورسائٹ فاؤنڈیشن کی مشترکہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت میں تقریباً 55.1 فیصد ٹرک ڈرائیور بینائی کی کمزوری کا شکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، 53.3 فیصد ڈرائیوروں کو دور کی نظر کے مسائل درپیش ہیں، جبکہ 46.7 فیصد کو نزدیک کی بینائی میں دشواری کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ، 44.3 فیصد ڈرائیوروں کا بی ایم آئی خطرناک سطح پر پایا گیا، جبکہ 57.4 فیصد ہائی بلڈ پریشر اور 18.4 فیصد ذیابیطس جیسی طبی پیچیدگیوں میں مبتلا ہیں۔

یہ تحقیق 6 ریاستوں - اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، کرناٹک اور تمل ناڈو کے 50,000 ٹرک ڈرائیوروں پر کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 33.9 فیصد ڈرائیور درمیانے درجے کے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ 2.9 فیصد میں دباؤ کی شدت بہت زیادہ ہے، جس سے ان کے ذہنی صحت کی مدد کی ضرورت کا اشارہ ملتا ہے۔

رپورٹ کے اجرا پر مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ہندوستان کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ڈرائیوروں کی کمی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ہر 100 ٹرک پر صرف 75 ڈرائیور دستیاب ہیں۔ انہوں نے ڈرائیوروں کے لئے تربیت اور فلاح و بہبود پر زور دیا اور کہا کہ ہم ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ایپس کے ذریعے سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

ٹرانسپورٹ سیکٹر ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ٹرک ڈرائیوروں کا کردار اس میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ تاہم، ان ڈرائیوروں کو سخت زندگی اور مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے، جن میں طویل ڈرائیونگ اوقات، غیر متوازن کام کے اوقات اور صحت سے متعلق چیلنجز شامل ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر، ان ڈرائیوروں کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔


Share: