نئی دہلی، 29/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی )کل شام کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اوکھلا اسمبلی حلقہ کے تکونہ پارک پہنچے، جہاں انہوں نے اوکھلا سے کانگریس کی امیدوار اور کانگریس کی کونسلر عریبہ خان کے لیے انتخابی مہم چلائی۔ اس سے پہلے کئی سیاسی رہنماؤں نے عوام سے خطاب کیا، لیکن عریبہ خان نے اپنے خطاب میں علاقے کے تمام مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور عوام سے ان مسائل کے حل کے لیے کانگریس کی حمایت کی اپیل کی۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی جنہوں نے بیماری کے بعد دہلی اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کا دوبارہ سے آغاز کیا ہے اور انہوں نے پہلے نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں واقع والمیکی مندر میں درشن کئے جہاں ان کے ساتھ یہاں سے کانگریس کے امیدوار سندیپ دکشت موجود رہے۔ جس کے بعد وہ دہلی کانگریس کے سابق صدر اور سابق رکن اسمبلی انل چودھری کے پٹپڑ گنج گئے اور یہاں پر لوگوں سے خطاب کیا جس میں انہوں نے کیجریوال اور مرکز کی بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کل کی اپنے انتخابی مہم کے دوران آخر میں وہ اوکھلا گئے جہاں پر انہوں نے عوام سے خطاب کیا۔
راہل گاندھی نے اوکھلا کے عوام کو اپنی لڑائی کے بارے میں بتاتے ہوئے کیجریوال ، ملک کے دو بڑےسرمائے دار وں اور مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ۔ کانگریس کی اوکھلا سے امیدوار عریبہ خان نے اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے ایک شعر پڑھا ’ اے خاک نشینو اٹھ بیٹھو وہ وقت قریب آ پہنچا ہے، ’جب تخت گرائے جائیں گے جب تاج اچھالے جائیں گے‘ جس نے ان کی انتخابی مہم کے مقصد پر بھی روشنی ڈالی اور جلسہ گاہ میں موجود عوام میں جوش بھربے کا بھی کام کیا۔ اس موقع پر اوکھلا اسمبلی حلقہ سے کانگریس کی امیدوار عریبہ خان نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے جہاں علاقہ کے ترقیاتی مسائل کا ذکر کیا وہیں انہوں نے کیجیروال کی فرقہ پرست ذہنیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بتایا کہ جب اوکھلا کی بزرگ خواتین سی اے اے این آر سی کے خلاف سرد راتوں میں احتاج کر رہی تھیں تو اس وقت کیجریوال ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے مرکز سے یہ گہار لگا رہے تھے کہ ان کے ہاتھ میں پولیس ہو تو وہ ایک گھنٹے میں مظاہرہ گاہ خالی کرا دیں جس سے ان کی فرقہ پرست ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے، اسی طرح ان کے وزیر نے کووڈوبا کے وقت تبلیغی جماعت کے مرکز کو وبا پھیلانے کا اڈہ قرار دیا جس سے ان کی حکومت کی فرقہ پرست ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔
اس موقع پر جہاں علاقہ کے سابق رکن اسمبلی اور شیلا حکومت میں وزیر رہے پرویز ہاشمی نے شکریہ کی تحریک پیش کی وہیں جلسہ گاہ میں دہلی کے اے آئی سی سی کے انچارج قاضی نظام الدین ، اے آئی سی سی کے سیکریٹری ڈینی، دانش ابرار ، دہلی کے سابق اسپیکر سبھاش چوپڑا وغیرہ کئی رہنما موجود رہے۔ کل کے راہل کے جلسے نے کانگریس اور اس کے امیدوار کی مہم میں جان ڈال دی ہے۔