ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پانی کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، عوامی شکایات پر فوری کارروائی ہو: وزیر پریانک کھرگے

پانی کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، عوامی شکایات پر فوری کارروائی ہو: وزیر پریانک کھرگے

Sat, 19 Jul 2025 17:27:01    S O News
پانی کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، عوامی شکایات پر فوری کارروائی ہو: وزیر پریانک کھرگے

بنگلورو، 19 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی)کرناٹک کے دیہی ترقی، پنچایت راج اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر پریانک کھرگے نے ریاست کے دیہی علاقوں میں جاری پینے کے پانی کے منصوبوں میں تاخیر پر سخت ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ٹھیکیدار منصوبے وقت پر مکمل نہ کریں، انہیں بلیک لسٹ کیا جائے۔ انہوں نے واضح طور پر خبردار کیا کہ عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے اور آلودہ پانی کی فراہمی کی صورت میں متعلقہ انجینئر کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

یہ ہدایات انہوں نے ودھان سودھا کے سیمینار ہال میں منعقدہ دیہی پینے کے پانی کے شعبے سے جڑے ضلعی ایگزیکٹیو انجینئروں کے اجلاس میں دیں۔ وزیر موصوف نے افسران کو تاخیری رویہ ترک کرکے وقت پر پانی کی فراہمی کو ترجیح دینے کی تاکید کی اور کہا کہ سڑکیں کھودنے کے بعد ان کی مرمت بھی ذمہ داری سے کی جائے تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔

پریانک کھرگے نے منصوبہ بندی کے دوران ہی ممکنہ تکنیکی یا جنگلاتی رکاوٹوں کا پیشگی جائزہ لینے پر زور دیا اور کہا کہ ٹھیکیداروں کو کام دینے سے قبل ان کی اہلیت، مشینری اور تکنیکی صلاحیت کا مکمل جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ضلعی پنچایت کے سی ای اوز ہر ماہ کم از کم تین دن پنچایت راج، پینے کے پانی اور نریگا اسکیموں کے کاموں کا باریکی سے جائزہ لیں اور مسائل کا حل ضلعی سطح پر نکالا جائے۔

اجلاس کے دوران وزیر نے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور جہاں کام کی رفتار سست تھی، وہاں کے انجینئروں کو سخت تنبیہ کی۔ پانی کے نمونوں کو تجربہ گاہوں میں بھیجنے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی گاؤں میں پانی آلودہ نکلا تو اس کے لیے متعلقہ انجینئر کو جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔

انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ عوامی شکایات کو محض فائلوں میں بند نہ رکھا جائے بلکہ ان کا جلد از جلد حل تلاش کیا جائے۔ اخبارات اور میڈیا میں شائع ہونے والی شکایات پر فوری ردعمل ظاہر کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر بروقت وضاحت بھی دی جائے۔

اس اہم اجلاس میں محکمہ دیہی ترقی و پنچایت راج کے پرنسپل سکریٹری سمیر شکلا، دیہی پینے کے پانی کے محکمے کے ڈائریکٹر کے ناگندر پرساد سمیت کئی اعلیٰ افسران شریک تھے۔


Share: