ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بابا صدیقی قتل کیس: انمول بشنوئی کے خلاف گرفتاری کے لیے غیر ضمانتی وارنٹ جاری

بابا صدیقی قتل کیس: انمول بشنوئی کے خلاف گرفتاری کے لیے غیر ضمانتی وارنٹ جاری

Thu, 30 Jan 2025 12:19:08  Office Staff   S.O. News Service

ممبئی  ،  30/جنوری (ایس او  نیوز)ممبئی کی خصوصی عدالت نے بدھ کے روز این سی پی لیڈر بابا صدیقی قتل کیس میں مفرور ملزم انمول بشنوئی کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا۔ انمول بشنوئی اس سے پہلے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے کیس میں بھی مفرور ہے، اور اس کیس میں بھی اس کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں۔

بابا صدیقی قتل کیس کی تحقیقات کرائم برانچ کر رہی ہے اور اس معاملے میں اب تک 26 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان تمام ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہے، جبکہ تین ملزمان انمول بشونئی، ذیشان اختر اور شوبھم لونکر اب بھی مفرور ہیں۔

ذرائع کے مطابق کرائم برانچ نے مفرور ملزمان کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور ان کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کو روکا جا سکے۔

بابا صدیقی قتل کیس کے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مکوکا کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت میں تمام ملزمان عدالتی تحویل میں ہیں۔

یاد رہے کہ این سی پی لیڈر بابا صدیقی کو 12 اکتوبر کو باندرہ میں ان کے بیٹے ذیشان کے دفتر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ لارنس بشنونی گینگ نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ بابا صدیقی کو اداکار سلمان خان کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات کی وجہ سے قتل کیا گیا۔

حکام کی جانب سے کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مفرور ملزمان کی تلاش میں ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔


Share: