نوئیڈا، 27 /جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی): نوئیڈا کے سیکٹر 20 میں رات دیر گئے ایک افسوسناک حادثے میں پانچ سالہ بچی آیَت جاں بحق ہو گئی، جب ایک تیز رفتار بی ایم ڈبلیو کار نے اسکوٹر کو ٹکر مار دی۔ بچی کے والد گل محمد اور ان کے سالے راجہ، آیَت کو علاج کے لیے سیکٹر 30 کے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اسپتال لے جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق، ٹکر اتنی شدید تھی کہ آیَت نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جب کہ گل محمد اور راجہ زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
حادثے کے بعد بی ایم ڈبلیو کار کو ضبط کر لیا گیا ہے اور اس کے ڈرائیور یش شرما (سیکٹر 37) اور ساتھ بیٹھے ابھشیک راوت (سیکٹر 70) کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ سیکٹر 20 تھانے میں رکھی گئی کار اور اسکوٹر کی تصاویر سے تصدیق ہوتی ہے کہ دونوں گاڑیاں بری طرح تباہ ہو چکی ہیں۔
واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔