ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بسوں میں لگیج پالیسی میں کوئی نئی تبدیلی نہیں، سوشل میڈیا پر چل رہی خبریں گمراہ کن: کے ایس آر ٹی سی کی وضاحت

بسوں میں لگیج پالیسی میں کوئی نئی تبدیلی نہیں، سوشل میڈیا پر چل رہی خبریں گمراہ کن: کے ایس آر ٹی سی کی وضاحت

Tue, 29 Jul 2025 18:57:10    S O News

بنگلورو، 29 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی): کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) نے بسوں میں لگیج سے متعلق پالیسی میں کسی بھی نئی تبدیلی کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ادارے نے حالیہ دنوں میں اس سلسلے میں کوئی نیا اصول یا ضابطہ نافذ نہیں کیا ہے۔

سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ کے ایس آر ٹی سی بسوں میں سامان لے جانے سے متعلق نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے ادارے کے اعلیٰ حکام نے کہا کہ بسوں میں لگیج کی منتقلی سے متعلق موجودہ اصول برسوں سے نافذ ہیں اور ان میں کوئی نیا اضافہ یا سختی نہیں کی گئی ہے۔

ادارے نے بتایا کہ مسافروں کو پہلے ہی 30 کلوگرام تک سامان مفت لے جانے کی اجازت حاصل ہے، اور بڑی اشیاء جیسے فرج، واشنگ مشین، ٹرک کے ٹائر، آئرن یا المونیم پائپ، برتن، حتیٰ کہ پالتو جانور جیسے بلی، کتا یا خرگوش کو بھی بس میں دستیاب جگہ کے مطابق منتقل کرنے کی سہولت موجود ہے، بشرطیکہ ان کے لیے مناسب کرایہ ادا کیا جائے۔

کے ایس آر ٹی سی نے مزید کہا کہ 28 اکتوبر 2022 کو ادارے نے ایک سرکلر جاری کیا تھا، جس میں لگیج سے متعلق تمام ضوابط کی تفصیلات شامل تھیں، اور تب سے اب تک اس پالیسی میں کوئی نیا ترمیم یا سختی نہیں کی گئی ہے۔

عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گمراہ کن اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور درست معلومات کے لیے ہمیشہ KSRTC کے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔ ادارہ عوام کی سہولت اور سلامتی کے لیے پُرعزم ہے اور ایسی افواہوں پر دھیان نہ دینے کی تلقین کرتا ہے۔


Share: