ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پٹنہ میں شاندار تقریب: نتیش کمار نے دسویں مرتبہ وزیر اعلیٰ کا حلف لیا، وزیراعظم مودی سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت

پٹنہ میں شاندار تقریب: نتیش کمار نے دسویں مرتبہ وزیر اعلیٰ کا حلف لیا، وزیراعظم مودی سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت

Thu, 20 Nov 2025 16:53:48    S O News
پٹنہ میں شاندار تقریب: نتیش کمار نے دسویں مرتبہ وزیر اعلیٰ کا حلف لیا، وزیراعظم مودی سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت

پٹنہ ، 20/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) نتیش کمار نے بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر دسویں مرتبہ حلف لے لیا ہے۔ پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقد اس شاندار تقریبِ حلف برداری میں ریاست کے گورنر عارف محمد خان نے انہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزرائے اعلیٰ اور این ڈی اے کی حکمرانی والی ریاستوں کے متعدد وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔

گاندھی میدان میں تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ اس کے بعد گورنر کے پرنسپل سکریٹری رابرٹ ایل چانگتھو نے حکم نامہ پڑھ کر سنایا، جس کے مطابق آئین کے آرٹیکل 164(1) کے تحت گورنر نے نتیش کمار کو وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔ گورنر نے وزیراعلیٰ کی تجویز پر دیگر وزرا کی تقرری کی منظوری بھی دی۔

حلف لینے کے بعد نتیش کمار نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور مختصر گفتگو کی۔ اس کے بعد نائب وزرائے اعلیٰ کے عہدے کے لیے سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا نے حلف اٹھایا، جنہیں نتیش کابینہ میں اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

تقریب میں گورنر آرِف محمد خان نے پانچ سے چھ افراد کے گروپ کی شکل میں وزرا کو اسٹیج پر بلا کر حلف دلایا۔ جن وزرا نے حلف لیا ان میں وجے کمار چودھری، وجیندر پرساد یادو، شرون کمار، منگل پانڈے، دلیپ جائسوال، اشوک چودھری، لیشی سنگھ، مدن سہنی، نتن نبین، رام کرپال یادو، سنتوش کمار سومن، سنیل کمار، محمد زماں خان، سنجے سنگھ ٹائیگر، ارون شنکر پرساد، سریندر مہتا، نارائن پرساد، رما نشاد، لکشندر کمار روشن، شریئسی سنگھ، پرمود کمار، سنجے کمار، سنجے کمار سنگھ اور دیپک پرکاش شامل تھے۔

حلف برداری کی تقریب میں آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندر بابو نائیڈو، مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس، گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپندر پٹیل، اترپردیش کے یوگی آدتیہ ناتھ، آسام کے ہمنتا بسوا سرما، ناگالینڈ کے نیفیو ریو، راجستھان کے بھجن لال شرما، مدھیہ پردیش کے موہن یادو، اتراکھنڈ کے پشکر سنگھ دھامی، دہلی کی ریکھا گپتا، ہریانہ کے نائب سنگھ سینی اور اڈیشہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی بھی موجود تھے۔ این ڈی اے کے اتحادی جماعتوں کے سربراہان، اراکینِ اسمبلی اور بڑی تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔

نتیش کابینہ کی تشکیل میں ذات پر مبنی توازن—سات نکات میں پوری تفصیل

نتیش کمار نے پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں آج دسویں مرتبہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نتیش کمار کے علاوہ کچھ دیگر اراکین اسمبلی نے وزارتی عہدہ کا حلف لیا۔ نتیش کمار سمیت کابینہ میں 27 لوگوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں اہم ذاتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ مسلم طبقہ سے بھی ایک رکن اسمبلی کو وزیر بنایا گیا ہے۔ اس نئی کابینہ کو دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ مختلف ذاتوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے اس طبقہ سے جڑے اراکین اسمبلی کو وزارتی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ذیل میں 7 پوائنٹس کے ذریعہ اس کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں:

  1. نتیش کابینہ میں 4 راجپوت وزیر بنائے گئے ہیں۔ اس طبقہ سے جموئی کی رکن اسمبلی شریئسی سنگھ، مہوا رکن اسمبلی سنجے کمار سنگھ، آرہ رکن اسمبلی سنجے سنگھ ٹائیگر اور دھمداہا رکن اسمبلی لیسی سنگھ کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس بار راجپوت طبقہ سے 32 اراکین اسمبلی منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں۔ بیشتر راجپوت اراکین اسمبلی این ڈی اے سے ہی جیت کر ایوان تک رسائی حاصل کی ہے۔

  2. دلت طبقہ کے بھی 4 اراکین اسمبلی کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ دلت کوٹہ سے بھورے رکن اسمبلی سنیل کمار، ایم ایل سی اشوک چودھری، لکھیندر روشن اور بکھری رکن اسمبلی سنجے پاسوان کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں۔ دلت طبقہ کے 36 اراکین اسمبلی اس مرتبہ فتحیاب ہو کر ایوان پہنچے ہیں۔

  3. کشواہا اور کرمی طبقہ کے اراکین اسمبلی کو بھی کابینہ میں جگہ ملی ہے۔ دونوں طبقات کے 6 اراکین اسمبلی کابینہ میں شامل ہیں۔ ایک تو خود وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہیں۔ ان کے علاوہ کشواہا طبقہ سے سمراٹ چودھری، سریندر مہتا اور دیپک پرکاش کابینہ کا حصہ ہیں۔ کرمی طبقہ سے شرون کمار کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں۔

  4. کابینہ میں ویشیہ طبقہ کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ اس طبقہ سے دلیپ جیسوال، نارائن پرساد، پرمود کمار اور ارون شنکر پرساد (سوڑی طبقہ) کو وزیر بنایا گیا ہے۔ ویشیہ طبقہ سے سبھی لیڈران بی جے پی کوٹہ سے ہی وزیر بنے ہیں۔ ویشیہ کو بی جے پی کا کور ووٹرس تصور کیا جاتا ہے۔

  5. بھومیہار اور برہمن کوٹہ سے 3 وزیر بنائے گئے ہیں۔ اس طبقہ سے کابینہ میں وجئے کمار چودھری، منگل پانڈے اور وجئے سنہا کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں۔ کایستھ طبقہ سے نتن نوین کو کابینہ میں جگہ ملی ہے۔ جیتن رام مانجھی کے بیٹے سنتوش کمار سمن کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ سنتوش سمن مسہر طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

  6. نشاد اور یادو طبقہ سے 2-2 وزیر بنائے گئے ہیں۔ نشاد طبقہ سے مدن سہنی اور رما نشاد، جبکہ یادو طبقہ سے رام کرپال یادو اور وجیندر یادو کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

  7. کابینہ میں خواتین کی نمائندگی کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ نئی نتیش کابینہ میں خواتین کی طرف سے شریئسی سنگھ، لیسی سنگھ اور رما نشاد کو وزیر بنایا گیا ہے۔ مسلم کوٹہ سے چین پور رکن اسمبلی زماں خان وزیر بنائے گئے ہیں۔


Share: