نئی دہلی ، 14/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)مرکزی حکومت نے سڑک حادثے کے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے والوں کے لیے انعامی رقم میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے یہ رقم 5000 روپے تھی، لیکن اب اسے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے پونے میں ایک تقریب کے دوران کیا۔ یہ قدم عوام کو حادثات کے شکار افراد کی مدد کرنے کے لیے مزید ترغیب دینے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے اس موقع پر نتن گڈکری کا انٹرویو کیا اور کچھ اہم سوالات ان کے سامنے رکھے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ ہم سڑک حادثات کو لے کر سنجیدہ کیوں نہیں ہیں؟ جواب میں نتن گڈکری نے کہا کہ اگر کبھی کبھار کچھ ہوتا ہے تو ہم اس معاملے کو لے کر سنجیدہ ہو جاتے ہیں۔ لیکن جب روزانہ کچھ ہونے لگتا ہے تو ہمیں سب معمول کے مطابق لگنے لگتا ہے۔ ایسے میں اگر ان حادثات کو روکنا ہے تو تنہا ہم کچھ نہیں کر سکتے۔ اس کے لیے اسکول، کالج، این جی او، کھلاڑیوں، مشہور ہستیوں اور دیگر لوگ جب جا جا کر لوگوں کو سمجھائیں گے تب تبدیلی آئے گی۔
انوپم کھیر نے نتن گڈکری کے سامنے نمبر پیش کرتے ہوئے کہا کہ 474 لوگ روزانہ سڑک حادثات میں زندگی گنوا رہے ہیں۔ ہم ان تعداد کو لے کر بہت بے حس ہو گئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ اگر موت کی شرح نہیں بڑھے گی تو لوگوں کی نظر میں یہ معاملہ نہیں آئے گا۔ اس پر گڈکری نے کہا کہ ’’کووڈ، فسادات یا جنگ میں اتنی تعداد میں لوگوں کی موت نہیں ہوئی جتنی کہ سڑک حادثات میں ہوتی ہے۔ بیشتر مہلوکین کی عمر 18 سے 34 سال کے درمیان ہوتی ہے۔ ہم انجینئر سے پوچھتے ہیں کہ آپ غلطیاں کیوں کر رہے ہیں، آپ کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کبھی کبھی کوئی سڑک پر بنے گڈھوں میں چھوٹے چھوٹے پتھر ڈال دیتا ہے، اس سے اسکول والے لوگ گر جاتے ہیں۔ ایسے میں ان سب سے تبھی بچا جا سکتا ہے جب ہم سب مل کر لوگوں کو بیدار کریں گے۔‘‘
انوپم کھیر نے اپنے دوست کے بیٹے سائرس مستری کی موت کا ذکر کیا۔ اس پر نتن گڈکری نے کہا کہ اگر لوگ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں تو اموات کم ہوں گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے آٹو موبائل انڈسٹری کو حکم دیا ہے کہ کار میں پیچھے بھی سیٹ بیلٹ لگائیں۔ اتنا ہی نہیں، گڈکری نے سائرس پلونجی مستری کی موت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی کار میں پیچھے بھی سیٹ بیلٹ لگی ہوتی تو آج وہ زندہ ہوتے۔ سبھی کی ذمہ داری ہے کہ گزارش کر کے کار کے پیچھے سیٹ بیلٹ لگوائیں۔
نتن گڈکری نے سڑک حادثات میں پیدل چلنے والوں کی جان جانے کے تعلق سے بھی اپنا نظریہ بیان کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج کل فٹ پاتھ پر تجاوزات دیکھنے کو ملتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ قانون کی حفاظت کرنے والوں کا کام ہے کہ عام شہری کے حقوق کی حفاظت کریں۔ مگر عام لوگوں کو بھی اس میں ساتھ دینا ہوگا۔ وہیں اسکول والوں کو داخلی دروازے پر سخت سیکورٹی کا دھیان رکھنا چاہیے۔‘‘