ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نیو انڈیا کوآپریٹو بینک گھوٹالہ: ایک اور گرفتاری، ڈویلپر پر 70 کروڑ کے غبن کا الزام

نیو انڈیا کوآپریٹو بینک گھوٹالہ: ایک اور گرفتاری، ڈویلپر پر 70 کروڑ کے غبن کا الزام

Sun, 16 Feb 2025 19:27:39    S O News

ممبئی  ، 16/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )نیو انڈیا کوآپریٹو بینک گھوٹالہ کیس میں ایک اور گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے اس معاملے میں ڈویلپر دھرمیش پون کو گرفتار کر لیا ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ دھرمیش نے گھوٹالے کے 122 کروڑ روپے میں سے 70 کروڑ روپے حاصل کیے تھے۔ ای او ڈبلیو کے مطابق، مرکزی ملزم جنرل منیجر ہِتیش مہتا نے مئی اور دسمبر 2024 میں دھرمیش کو 1.75 کروڑ روپے جبکہ جنوری 2025 میں 50 لاکھ روپے دیے تھے۔ اس معاملے میں ہفتہ (15 فروری) کو پولیس نے طویل پوچھ گچھ کے بعد ہِتیش مہتا کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔

اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کے ذریعہ گرفتار کیے گئے نیو انڈیا کوآپریٹو بینک کے جنرل منیجر پر 122 کروڑ روپے کے غبن کا الزام ہے۔ واضح ہو کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بینک میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے 13 فروری کو کئی طرح کی پابندیاں عائد کر دی تھیں، جس کی وجہ سے بینک کے صارفین کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بینک میں بے ضابطگیوں کی شکایت کے مطابق یہ ہیرا پھیری 2020 سے 2025 کے درمیان ہوئی۔ بینک کے ایک افسر نے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کو مطلع کیا کہ بینک کے بُکس آف اکاؤنٹ اور کیش ٹَیلی میں گڑبڑیاں پائی گئی ہیں۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ دادر اور گورے گاؤں برانچوں میں پیسوں کی غیر منظم نکاسی ہوئی تھی جس کے پیچھے ہتیش مہتا کے ہاتھ ہونے کی بات کہی گئی۔

قابل ذکر ہے کہ آر بی آئی کے ذریعہ بینک کے کاروبار پر عائد کیے گئے الزامات کی وجہ سے اب بینک کوئی نیا لین دین جاری نہیں کر سکتا اور نہ ہی صارفین سے کوئی نیا ڈپازٹ قبول کر سکتا ہے۔ اس سے 1.3 لاکھ اکاؤنٹ ہولڈرز کو اپنے جمع پیسے نکالنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بینک کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ڈپازٹرز کو راحت مل سکے۔


Share: