نئی دہلی، 11/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)وزیر خزانہ نرملا سیتارمن آج (11 فروری) پارلیمنٹ میں بجٹ 2025 پر جاری بحث کا جواب دیں گی۔ اس موقع پر نیا انکم ٹیکس بل بھی پیش کیے جانے کی توقع ہے، جس کا اعلان انہوں نے یکم فروری کو اپنے بجٹ خطاب میں کیا تھا۔
یہ نیا قانون 1961 کے موجودہ انکم ٹیکس ایکٹ کی جگہ لے گا، جو یکم اپریل 1962 سے نافذ العمل ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ نیا بل ٹیکس قوانین کو آسان اور عام فہم بنانے کے ساتھ غیر ضروری دفعات کو ختم کرے گا۔
نرملا سیتارمن نے 7 فروری کو اعلان کیا تھا کہ یہ بل اسی پارلیمانی اجلاس میں پیش ہوگا، اور کابینہ پہلے ہی اسے منظوری دے چکی ہے۔ بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 13 فروری کو ختم ہو رہا ہے، جس سے پہلے یہ بل پیش ہونے کی توقع ہے۔
متوقع تبدیلیاں:
قانون کو سادہ اور عام فہم زبان میں لکھا جائے گا۔
غیر ضروری اور پرانی دفعات کو ختم کیا جائے گا۔
ٹیکس سے متعلق تنازعات کم کیے جائیں گے۔
ٹیکس دہندگان کے لیے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔
حکومت پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ نئے بل میں کسی پر اضافی ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور بجٹ 2025 میں کیے گئے ٹیکس سلیب میں تبدیلیاں اس میں شامل ہوں گی۔