نئی دہلی، 4 /مئی (ایس او نیوز)ملک بھر میں میڈیکل داخلے کے سب سے بڑے انڈر گریجویٹ امتحان نیٹ-یوجی (NEET-UG) کا انعقاد آج یعنی اتوار، 5 مئی کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔ امتحان میں شرکت کے لیے اس سال 23 لاکھ کے قریب امیدواروں نے رجسٹریشن کروایا ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے مطابق امتحان تقریباً 550 شہروں کے پانچ ہزار سے زائد مراکز پر منعقد ہوگا، جن میں بیرونِ ملک کے 14 مراکز بھی شامل ہیں۔
امتحان کو شفاف، منصفانہ اور بدعنوانی سے پاک بنانے کے لیے تین سطحی نگرانی کا نظام (ضلع، ریاست اور مرکزی سطح پر) نافذ کیا گیا ہے۔ اس سال زیادہ تر امتحانی مراکز سرکاری یا سرکاری امداد یافتہ اداروں میں قائم کیے گئے ہیں۔
امتحان کے دوران سخت اصول و ضوابط نافذ رہیں گے۔ کسی بھی ممنوعہ آلے جیسے موبائل فون، بلوٹوتھ، اسمارٹ واچ، کیلکولیٹر، جیومیٹری باکس یا پنسل باکس کے استعمال پر نہ صرف امتحان دینے پر تین سال کی پابندی عائد کی جائے گی بلکہ ایسے امیدواروں کے خلاف عوامی امتحان ایکٹ 2024 کے تحت فوجداری مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
ہفتے کے روز امتحان مراکز پر ماک ڈرل (آزمائشی مشق) بھی منعقد کی گئی تاکہ موبائل سگنل جیمرز، تلاشی عمل اور بایومیٹرک شناختی نظام کی تیاری کا جائزہ لیا جا سکے۔
امتحان کے لیے امیدواروں کو صرف 1:30 بجے دوپہر تک ہی مرکز میں داخلے کی اجازت ہوگی، اس کے بعد کسی امیدوار کو داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ شرکت کے لیے امیدواروں کو کوئی ایک قابلِ قبول شناختی دستاویز (آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی، پین کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس یا 12ویں جماعت کا ایڈمٹ کارڈ) ہمراہ لانا ضروری ہوگا۔
جن امیدواروں کی پوشاک مذہبی یا ثقافتی روایت سے جڑی ہوئی ہو، انہیں تلاشی کے عمل کے لیے دیگر امیدواروں کی بنسبت ڈیڑھ گھنٹہ پہلے یعنی دوپہر 12:30 بجے مرکز پر رپورٹ کرنا ہوگا۔
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے تمام امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ امتحان کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا سکے۔