ناگپور، 21/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر کے وردھا ضلع میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک رہائشی علاقے میں اچانک آسمان سے ایک وزنی دھاتی ٹکڑا زمین پر آ گرا۔ واقعہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا جب مقامی شہری راکیش مہتا کے صحن میں زور دار آواز کے ساتھ یہ ٹکڑا گرا۔ دھماکے جیسی آواز سن کر آس پاس کے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ٹکڑے کو قبضے میں لے لیا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق دھاتی ٹکڑے کا وزن تقریباً ۶۰؍ کلو گرام ہے، جو تقریباً ساڑھے تین فٹ لمبا اور ایک سینٹی میٹر موٹا ہے۔ ماہرین اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا یہ ٹکڑا کسی سیٹلائٹ، راکٹ یا دیگر خلائی چیز کا حصہ تو نہیں۔ واقعہ نے علاقہ میں خوف و تجسس کی فضا پیدا کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنیچر کی صبح جب سب لوگ گہری نیند میں تھے تب اچانک کوسے لے آؤٹ علاقے میں زور دار آواز آئی۔ آواز اتنی تیز تھی کہ شہری خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ بعد میں پتہ چلا کہ امئے بھاسکر بسیشور کے گھر کی چھت پر ایک بڑا ٹکڑا گرا ہے۔ شہریوں کا قیاس ہے کہ دھات کا یہ ٹکڑا خلا سے گرا ہوگا۔ تفتیش کیلئے پہنچنے والے پولیس انسپکٹر دھناجی جالک نے بتایا کہ ’’ معائنہ کے دوران مکان کے کے سلیب پر لوہے کی ایک موٹی چادر پڑی ہوئی ملی جو جزوی طور پر ٹوٹی ہوئی تھی۔ دیوار کا ایک حصہ بھی ٹوٹ گیا ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن علاقے میں خوف کی فضا ہے اور پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ ‘‘