ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / میانمار زلزلہ: ہلاکتیں 1644 تک پہنچیں، تعداد 10 ہزار ہونے کا خدشہ – 10 اہم نکات

میانمار زلزلہ: ہلاکتیں 1644 تک پہنچیں، تعداد 10 ہزار ہونے کا خدشہ – 10 اہم نکات

Sun, 30 Mar 2025 14:03:59    S O News

بینکاک، 30/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) میانمار میں آئے خوفناک زلزلہ نے آس پاس کے ممالک میں بھی خوفناک اثر ڈالا ہے۔ میانمار میں ہلاکتوں کی تعداد جہاں تیزی کے ساتھ 2000 کی طرف بڑھ رہی ہے، وہیں بینکاک میں بھی منہدم 30 منزلہ زیر تعمیر عمارت کا ملبہ جیسے جیسے ہٹ رہا ہے، لاشیں نکلتی جا رہی ہیں۔ میانمار کے ساتھ ساتھ بینکاک میں بھی راحت رسانی و بچاؤ کا عمل جاری ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ میانمار میں 7.7 شدت کا ایک زلزلہ آیا، اور پھر اس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر کم و بیش 16 زلزلے آئے۔ یہی وجہ ہے کہ خوف و دہشت لوگوں میں اب بھی برقرار ہے۔ آئیے یہاں 10 پوائنٹس میں جانتے ہیں اس زلزلہ سے مچی تباہی کے بعد جاری سرگرمیوں کی بڑی باتیں۔

  • بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق میانمار کی فوجی قیادت کے مطابق ملک میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1644 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 3408 ہے۔ 139 افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔

  • جمعہ کے روز آئے زلزلہ کے بعد میانمار میں زبردست تباہی ہوئی ہے۔ یونائٹیڈ اسٹیٹ جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مجموعی طور پر 10 ہزار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

  • میانمار کی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ میں مانڈلے اور سگائنگ کی کئی مسجدیں منہدم ہو گئیں۔ سب سے زیادہ نقصان مانڈلے میں ہوا جہاں 50 سے زائد مسجدیں متاثر ہوئیں اور تقریباً 100 افراد کے جاں بحق ہونے کا اندیشہ ہے۔ حالانکہ سرکاری اعداد و شمار ابھی جاری نہیں کیے گئے ہیں۔

  • خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 30 سالہ ایک خاتون کو ملبہ سے زندہ باہر نکالا گیا ہے۔ وہ تقریباً 30 گھنٹوں تک ملبہ میں پھنسی رہی، اور اب وہ خطرے سے باہر ہے۔

  • بینکاک میں زلزلہ سے منہدم 30 منزلہ زیر تعمیر عمارت میں بچاؤ و راحت کا عمل جاری ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بچاؤ اہلکاروں نے بتایا کہ اب راحتی کام میں روبوٹ کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ موقع پر سینکڑوں حفاظتی اہلکار موجود ہیں۔

  • تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پائی تونگتارن شنواترا نے ہفتہ کے روز دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ جمعہ کو آئے زلزلہ کے بعد ملک میں حالات معمول پر آ گئے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ بینکاک میں صرف ایک عمارت گری تھی، جو کہ زیر تعمیر تھی۔ اس کے علاوہ کسی دیگر عمارت پر کوئی اثر نہیں پڑا تھا۔

  • میانمار میں آئے زلزلہ سے نیپیدا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور گر گیا۔ سیٹلائٹ تصویروں میں نظر آ رہا ہے کہ ٹاور زمین سے اکھڑے ہوئے درخت کی طرح گرا ہوا ہے۔ زلزلہ کے وقت ٹاور میں موجود سبھی لوگوں کی موت ہو گئی۔

  • ہندوستان کا طیارہ ’سی-30‘ مشکلات میں پھنسے میانمار کی مدد کے لیے 80 رکنی این ڈی آر ایف کی ٹیم لے کر ’نے پئی تاؤ‘ پہنچ چکا ہے۔

  • اقوام متحدہ نے میانمار کو ریلیف پروگرام شروع کرنے کے لیے 5 ملین ڈالر (تقریباً 43 کروڑ روپے) دیے ہیں۔ روس نے 120 بچاؤ اہلکاروں اور ضروری سامان کے ساتھ طیارے میانمار بھیجے ہیں۔ ہانگ کانگ، سنگاپور اور ملیشیا نے بھی ریسکیو ٹیمیں روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جو جلد میانمار پہنچ جائیں گی۔

  • ریڈ کراس کے ایک افسر نے خبر رساں ایجنسی فرانس-پریس کو بتایا کہ میانمار کے مانڈلے میں ایک اپارٹمنٹ بلاک کے منہدم ہونے کے بعد اس میں 90 سے زیادہ لوگ پھنسے ہو سکتے ہیں۔ حال ہی میں ایک اپڈیٹ میں میانمار کی فوجی کونسل نے کہا کہ تنہا مانڈلے میں 1500 سے زیادہ گھر متاثر ہوئے ہیں۔ اگر ایسا ہے، تو پھر ہلاکتوں کی تعداد آنے والے دنوں میں بہت بڑھ سکتی ہے۔


Share: