ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، 20 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ایک خاتون ہلاک، 18 زخمی

ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، 20 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ایک خاتون ہلاک، 18 زخمی

Sat, 26 Jul 2025 20:12:08    S O News

ممبئی، 26 /جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) ہفتہ کی دوپہر ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر کھوپولی پولیس اسٹیشن کی حدود میں آدوشی ٹنل کے قریب ایک خوفناک زنجیری حادثہ پیش آیا، جس میں ایک خاتون کی موت ہو گئی جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی رپورٹوں کے مطابق، ایک تیز رفتار کنٹینر ٹرک کے بریک فیل ہو گئے تھے، جس کے بعد وہ ایک کار سے جا ٹکرایا۔ اس تصادم کے نتیجے میں زنجیری ردعمل سے تقریباً 20 گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں، جن میں بی ایم ڈبلیو اور مرسڈیز جیسی مہنگی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔

حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کم از کم تین گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جبکہ کئی دیگر کو شدید نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو فوری طور پر نوی ممبئی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زیر علاج ایک خاتون نے دم توڑ دیا۔ کنٹینر ٹرک کے ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق وہ نشے کی حالت میں نہیں تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

حادثے کے بعد ایکسپریس وے پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوا اور تقریباً پانچ کلومیٹر تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس اور ایمرجنسی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری راحت رسانی کا کام شروع کیا اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا۔


Share: