کیلیفورنیا ، 8/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ نے لاس اینجلس جیسے گھنی آبادی والے علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آگ کی شدت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ چند ہی لمحوں میں سینکڑوں مکانات اور گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئی ہیں، جبکہ ہزاروں افراد آگ کی تباہی سے بچنے کے لیے اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ کیلیفورنیا میں تین مختلف مقامات پر آگ کی وارداتیں ہوئی ہیں، جن میں سے پیسیفک پیلیسیڈ کی آگ نے سب سے زیادہ خطرناک صورت اختیار کر لی ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹر براینا سَیکس جس نے جنگل میں لگی آگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں 2017 سے بار بار آگ لگنے کے واقعہ کی رپورٹنگ کر رہی ہوں لیکن کبھی ایسی خطرناک آگ نہیں دیکھی جو رُک نہیں رہی۔‘‘ سی این این کے مطابق سڑکوں پر بھی آگ کی لپٹوں کی وجہ سے لوگوں کو سمندر کے کنارے پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
اس درمیان کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ گورنر کے حکم پر آبادی کی طرف بڑھتی ہوئی آگ کی لپٹوں کے سبب 30000 لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ گورنر نے آج پیسیفک پیلیسیڈ کا دورہ کیا اور مقامی و ریاستی فائر بریگیڈ کے افسران سے ملاقات بھی کی تاکہ پیسیفک پیلیسیڈ میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ان کی جد و جہد کی حمایت کی جا سکے۔ منگل (7 جنوری) کو دوپہر تک آگ 1260 ایکڑ (5.1 مربع کلومیٹر) تک پھیل چکی تھی۔ لاس اینجلس فائر بریگیڈ کے چیف کرسٹن ایم کرولی نے کہا کہ ’’آگ سے کئی گھر جل کر راکھ ہو گئے ہیں اور 10000 سے زائد گھروں کو اب بھی آگ سے خطرہ ہے۔‘‘