ممبئی 25/مئی (ایس او نیوز) کرناٹک اور کیرالہ کے بعد ممبئی میں بھی گزشتہ دو تین دنوں سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو سے تین دنوں میں ممبئی میں بھی مانسون کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 16 سال بعد ایسا ہو رہا ہے کہ موسمِ برسات مئی کے مہینے میں ہی شروع ہو رہا ہے۔ اس وقت ممبئی، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں جو بارش ہو رہی ہے، وہ "پری مانسون" یعنی برسات سے قبل کی بارش ہے، جو گزشتہ ہفتے سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔ خاص طور پر ہفتہ کی رات سے اتوار کی صبح تک شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو محکمہ موسمیات نے اطلاع دی کہ اس سال مانسون نے معمول سے پہلے کیرالا میں داخل ہو کر مہاراشٹر کی طرف پیش رفت شروع کر دی ہے۔ عام طور پر ممبئی میں برسات کا آغاز جون کے وسط میں ہوتا ہے، لیکن اس سال موسم کی سازگار صورتحال کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بارش مئی کے اختتام سے قبل ہی شروع ہو جائے گی۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، اس وقت مانسون کی شمالی حد مہاراشٹر کے دیوگڑھ تک پہنچ چکی ہے، جو معمول سے چند دن پہلے کی صورتحال ہے۔ اتوار، 25 مئی کو جاری کردہ اطلاعات کے مطابق، آئندہ دو سے تین دنوں میں مانسون ممبئی میں داخل ہوسکتا ہے، اور اس کے اثر سے ریاست کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی سربراہ، ڈاکٹر شبھانگی بھوٹے کے مطابق، اس سال مانسون معمول سے ایک ہفتہ قبل آ رہا ہے اور مہاراشٹر میں بارش کے لیے موسم انتہائی سازگار ہے، جس سے جلد ہی ریاست بھر میں برسات شروع ہونے کی امید ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممبئی، تھانے اور اطراف کے علاقوں کے لیے 27 مئی تک "یلو الرٹ" اور رائے گڑھ، رتناگیری، سندھو درگ، ستارا، پونے اور کولہاپور کے گھاٹی والے علاقوں کے لیے "اورینج الرٹ" جاری کیا ہے۔ ان علاقوں میں آئندہ پانچ دنوں تک گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، 50 تا 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں، اور بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال مئی کے مہینے میں ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں اب تک 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوچکی ہے، جبکہ مہینے کے ختم ہونے میں ایک ہفتہ باقی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مئی میں اتنی بارش گزشتہ کئی دہائیوں میں نہیں دیکھی گئی۔ بی ایم سی کے ریکارڈ کے مطابق ہفتہ کی صبح 6 بجے تک جھیلوں پر بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، تاہم گزشتہ سال اسی دن تانسا، مڈل ویترنا اور بھاتسا جھیلوں پر ہلکی بارش ہوئی تھی۔
ریکارڈ کے مطابق، ماضی میں ممبئی میں مئی کے آخر میں کئی بار وقت سے پہلے مانسون کی آمد ہو چکی ہے۔ 1956، 1962 اور 1971 میں مانسون 29 مئی کو آیا تھا، جبکہ 1990 اور 2006 میں 31 مئی کو مانسون ممبئی میں داخل ہوا۔
ماہرین کے مطابق، وقت سے پہلے مانسون کی آمد جہاں کسانوں کے لیے خوش آئند ہے، وہیں شہری انتظامیہ کے لیے برسات سے نمٹنے کی تیاریوں میں چیلنج بھی بڑھا رہی ہے۔