ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وقف بل میں ترمیم کا مطالبہ، تلگو دیشم کا ریاستوں کو وقف بورڈ کی تشکیل کا اختیار دینے پر زور

وقف بل میں ترمیم کا مطالبہ، تلگو دیشم کا ریاستوں کو وقف بورڈ کی تشکیل کا اختیار دینے پر زور

Thu, 03 Apr 2025 12:44:04    S O News

نئی دہلی، 3/اپریل  (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک سبھا میں وقف بل پیش کیے جانے کے دوران مودی حکومت کی اہم اتحادی جماعتوں، تیلگو دیشم اور جنتا دل یونائیٹڈ کے موقف پر سب کی نظریں مرکوز رہیں۔ بل پر بحث کے دوران تیلگو دیشم کے رکن پارلیمنٹ کرشنا پرساد ٹینیٹی نے کہا کہ ان کی پارٹی وقف بورڈز میں اصلاحات کی مخالفت نہیں کرتی اور نہ ہی بل کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے حق میں ہے۔ بلکہ ان کا مطالبہ صرف ایک مخصوص ترمیم کا ہے، جو انہوں نے اسپیکر کو پیش کر دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت ریاستی وقف بورڈز کے کام میں غیر ضروری مداخلت نہ کرے اور ریاستوں کو اپنی صوابدید پر وقف بورڈز کی تشکیل کا اختیار دیا جائے۔ اس اقدام سے نہ صرف مسلمانوں میں وقف جائیدادوں پر قبضے کا خدشہ کم ہوگا بلکہ وہ اصلاحات کو بھی بخوشی قبول کریں گے۔

ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ کرشنا پرساد نے اپنے خطاب میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی پارٹی  نے جے پی سی میں اس بل پر غور کے دوران کئی اہم ترامیم کی تجویز پیش کی ہے جن میں سے ایک ضلع کلکٹر کو ہٹاکر اس سے بڑا کوئی آفیسر نامزد کرنا تاکہ وقف پراپرٹی پر تنازع کا حل تیزی کے ساتھ نکالا جاسکے۔انہوں نے یہ دہرایا کہ ہم نے وقف بورڈس کی تشکیل میں جو آزادی فراہم کرنے کی بات کہی ہے وہ جے پی سی میں بھی پیش کرچکے ہیں اور اب چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں ایکشن لے اور اس ترمیم کو قبول کرتے ہوئے بل منظور کروائے۔ واضح رہے کہ ٹی ڈی پی کی جانب سے جو ترمیم پیش کی گئی ہے وہ مسلمانوں کو  رام کرنے کی کوشش نظر آرہی ہے کیوں کہ ریاستی حکومتوں کو اگر یہ آزادی ملی تو ممکنہ طور پر سیکولر حکومتوں میںوقف بورڈ کے ممبران مسلمان ہی ہوں گے۔


Share: