ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مرکزی کابینہ کی 16,300 کروڑ کے معدنیات مشن کو منظوری، ایتھنول کی نئی قیمتوں کا اعلان

مرکزی کابینہ کی 16,300 کروڑ کے معدنیات مشن کو منظوری، ایتھنول کی نئی قیمتوں کا اعلان

Thu, 30 Jan 2025 11:05:10  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی،  30/جنوری (ایس او  نیوز)مرکزی کابینہ نے آج 16,300 کروڑ روپے کے ’معدنیات مشن‘ کو منظوری دے دی۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بدھ کے روز اس کا اعلان کرتے ہوئے میڈیا کو تفصیلات فراہم کیں۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ نے ’سی زمرہ‘ کے بھاری گڑ سے تیار ہونے والے ایتھنول کی ’ایکس-مل‘ قیمت 56.28 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 57.97 روپے فی لیٹر کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

حکومت کی طرف سے مقررہ ایتھنول کی قیمیں 23-2022 ایتھنول فراہمی سال (نومبر-اکتوبر) کے بعد سے نہیں بڑھائی گئی تھیں۔ گنّے کے رَس، بی-ہیوی گڑ اور سی-ہیوی گڑ سے پیدا ایتھنول کی موجودہ شرحیں بالترتیب 65.61 روپے، 60.73 روپے اور 56.28 روپے فی لیٹر ہیں۔ مرکزی کابینہ نے 29 جنوری کو رواں سال 31 اکتوبر کو ختم ہونے والی 25-2024 مدت کار کے لیے ایتھنول کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔ سی زمرہ کے بھاری گڑ سے حاصل ایتھنول کی ’ایکس-مل‘ قیمت 1.69 روپے بڑھا کر 57.97 روپے فی لیٹر کرنے کو منظوری دی گئی۔ بی زمرہ کے بھاری گڑ اور گنّا رس/چینی/چینی سیرپ سے پیدا ایتھنول کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ان کی قیمتیں بالترتیب 60.73 روپے فی لیٹر اور 65.61 روپے فی لیٹر پر غیر متبدل رکھی گئیں۔

ایتھنول کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ معاشی معاملوں کی کابینہ کمیٹی نے لیا۔ اس کی جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے بتایا کہ ایتھنول فراہمی سال (ای ایس وائی) 25-2024 کے لیے پبلک سیکٹر کی تیل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سی) کے لیے ایتھنول خرید قیمت میں ترمیم کو منظوری دی گئی ہے۔ حکومت نے پٹرول میں 20 فیصد ایتھنول مرکب کا ہدف بھی 2030 سے گھٹا کر ایتھنول سال 26-2025 کر دیا ہے۔ ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’اس سمت میں ایک قدم اٹھاتے ہوئے تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے رواں ای ایس وائی 25-2024 کے دوران 18 فیصد ایتھنول کے مرکب کا منصوبہ بنایا ہے۔‘‘


Share: